0
Saturday 31 Jul 2021 12:00

علماء کے وفد کی گورنر پنجاب سے ملاقات، محرم میں قیامِ امن کیئے کردار ادا کرنے کا عزم

علماء کے وفد کی گورنر پنجاب سے ملاقات، محرم میں قیامِ امن کیئے کردار ادا کرنے کا عزم
اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے مرکزی چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبد الخبیر آزاد کی قیادت میں اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر، مفتی عاشق حسین، مفتی محمد رمضان سیالوی، مولانا مسعود قاسمی، علامہ آصف اکبر اور حافظ کاظم رضا نقوی سمیت دیگر نے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی، جس میں محرم الحرام میں امن و امان کے قیام اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں مشاورت کی گئی۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے علمائے کرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دشمن ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں، جن کو ہم سب نے ملکر ناکام بناکر پاکستان کو حقیقی معنوں میں امن گا گہوارہ بنانا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور سلامتی کے اداروں کی ملک و قوم کیلئے قربانیوں اور جدوجہد کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے اور ہم سب ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور امن کے قیام کیلئے پاکستان کے سکیورٹی اداروں کا کردار پوری دنیا کیلئے ایک مثال ہے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ علمائے کرام کا پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو ہر سطح پر یقینی بنانے کا فیصلہ خوش آئند ہے اور ہم علماء کرام کو یقین دہانی کرواتے ہیں کہ حکومتی ادارے بھی محرم الحرام کے دوران سکیورٹی سمیت دیگر معاملات پر ان سے مکمل تعاون کریں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ تمام مکتبہ فکر کے علمائے کرام اپنی ذمہ داری پوری کریں، ان شاء اللہ جب ہم سب ملکر کام کریں گے تو محرم الحرام میں امن و امان کو سو فیصد یقینی بنایا جا سکے گا۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور فرقہ وارانہ واریت کے خاتمے کیلئے جتنا کام ہو رہا ہے، اس کی کوئی اور مثال نہیں ملتی۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی امن دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنایا ہے اور آئندہ بھی امن دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملائیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں سوشل میڈیا پر نفرتیں پھیلانے والے مواد کو روکنے کیلئے بھی قانون حرکت میں آئے گا اور ایسے عناصر کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ مرکزی چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ پاکستان میں قومی یکجہتی اور امن و اتحاد کا پرچم ان شاء للہ ہمیشہ سربلند رہے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ امن دشمنوں کی سازش اور ناپاک ایجنڈے کو علمائے کرام اور سول سوسائٹی ملکر ناکام بنائیں گے اور پاکستان میں محبت، امن اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے علمائے کرام حکومتی اداروں کیساتھ کھڑے ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 946036
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش