0
Friday 26 Aug 2011 21:30

ملک بھر میں القدس ریلیاں، امریکہ مردہ باد کے نعرے، پاکستان سے امریکی مداخلت ختم کی جائے، مقررین کا خطاب

ملک بھر میں القدس ریلیاں، امریکہ مردہ باد کے نعرے، پاکستان سے امریکی مداخلت ختم کی جائے، مقررین کا خطاب
لاہور:اسلام ٹائمز۔عالمی یوم القدس کے موقع پر پاکستان بھر میں تحریک آزادی قدس، مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان جانب سے ڈیڑھ سو سے زائد مقامات سے القدس ریلیاں نکالی گئیں۔ لاہور میں ریلی اسلام پورہ سے کربلا گامے شاہ تک نکالی گئی جس میں ہر طبقے اور عمر کے لو گو ں کی کثیر تعداد نے شر کت کی۔ شرکاء نے امریکی و اسرائیلی پرچم نذر آتش کئے اور مردہ باد امریکہ، مردہ باد اسرائیل کے نعرے لگائے، ریلی کی قیادت علامہ سید جواد نقوی، علامہ عبدالخالق اسدی سمیت دیگر علماء نے کی۔ اس موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ استعمار نے پاکستان میں اپنے پنچے گاڑ رکھے ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ استعمار کو ملک سے نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرے، انہوں نے عربوں کی بے حسی پر بھی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عرب ممالک کے عیاش حکمرانوں نے اسلام کو استعمار کے پاس گروی رکھ دیا ہے جس کے بدلے میں ذلت و رسوائی لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے اتحاد کے بغیر بیت المقدس آزاد نہیں ہو سکتا، اس کے لئے امت کو بیدار اور متحد ہونا ہو گا۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید حسن کاظمی نے کہا ہے کہ یوم القدس حق اور باطل کی پہچان کا دن ہے۔ مظلومینِ فلسطین کی مزاحمت کو خرا ج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب ہمارے فلسطینی بھائی آزادی کی فضا میں سانس لیں گے۔
علامہ عبد الخالق اسدی نے کہا کہ یوم القدس کسی خاص مکتبِ فکر کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ عالم اسلام کا مسئلہ ہے مگر افسوس کہ آج بھی امریکہ واسرائیل نواز ادارے اس کو عربوں کا علاقائی مسئلہ سمجھتے ہیں جب کہ درحقیقت اسرائیل کا ناپاک وجو د عرب حکمرانوں کی بے حسی اور ذاتی مفادات کو  عزیز رکھنے کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے نام نہاد اسلامی انقلابی پارٹیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بہت سی جماعتیں خود کو اسلام کا محافظ تو کہتی ہیں مگر آج جب پوری دنیا میں استعمار کے خلاف آواز بلند کی جا رہی ہے تو وہ خاموش کیوں ہے اس لیے کہ اس دن کو منانے کا اعلان ایک شیعہ عالم دین نے کیا تھا۔ علامہ اسدی نے کہا کہ تمام مسلمان حکمرانوں کو اس عالمی مسئلے پر ایک مضبو ط آواز بلند کرنی چاہیے اور جن حکمرانوں نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات بنانا شروع کیے ہو ئے ہیں انہیں ہوش کے ناخن لینے چاہیے۔
اس کے علاوہ القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امامیہ آرگنائزیشن لاہور ریجن کے ناظم ضیاء حیدر، احمد رضا خان، افسر حسین خان اور دیگر مقررین بھی مسئلہ القدس پر روشنی ڈالی اور مظلومینِ فلسطین کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ ریلی کے اختتام پر آئی ایس او لاہور ڈویژن کے صدر علی فیاض نے قرار دادیں پیش کیں اور امریکہ اور اسرائیل کے پرچموں کو نظر آتش کیا گیا۔ ریلی میں خواتین نے کھلونا بندوقیں اٹھا رکھی تھیں۔
خبر کا کوڈ : 94733
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش