0
Friday 13 Aug 2021 20:20

گلگت بلتستان میں توانائی بحران کے حل کیلئے چینی کمپنیوں کا اجلاس طلب

گلگت بلتستان میں توانائی بحران کے حل کیلئے چینی کمپنیوں کا اجلاس طلب
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعظم کے معان خصوصی برائے سی پیک خالد منصور نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں توانائی بحران کا حل نکالنے کیلئے چینی کمپنیوں کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے، جس میں جی بی میں توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید سے ملاقات میں کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید اور وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے سی پیک خالد منصور کے مابین اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے خالد منصور کو وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سی پیک کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ خالد خورشید نے کہا کہ گلگت بلتستان جغرافیائی اعتبار سے انتہائی اہم اور حساس علاقہ ہے۔ جی بی سی پیک کے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے۔ جی بی کیلئے سی پیک میں منصوبے شامل نہ ہونے کی وجہ سے عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے۔

خالد خورشید نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے سی پیک اتھارٹیز کو اس خطے پر زیادہ توجہ دینی چاہئے۔ خنجراب پاس کو لنک کرنے والی اہم شاہراہ کی چوڑھائی اس قابل نہیں کہ جس پر ہیوی کنٹینرز چلائی جا سکیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تھاکوٹ تا رائیکوٹ شاہراہ کی الائمنٹ میں نقائص ہیں، جس کی وجہ سے جی بی کے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے اور ڈیمز جیسے اہم منصوبوں کے کام میں رکاوٹ کا بھی موجب ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلگت میں بڑے ہوائی اڈے کی انتہائی ضرورت ہے۔ گلگت بلتستان میں کلین انرجی کے وسیع مواقع ہونے کے باوجود بجلی کے بحران کا سامنا ہے۔ جے سی سی کے اجلاس میں پاور کے چند منصوبوں کو شامل کرنے کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا تھا لیکن ابھی تک ان منصوبوں پر کام کا آغاز نہیں ہو سکا ہے۔

وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے سی پیک خالد منصور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں بجلی بحران کے حل کیلئے تمام چائینز کمپنیوں کا اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں جی بی میں موجود بجلی بحران کے حل کیلئے خصوصی فیصلے کئے جائیں گے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے اپنی ٹیم کو ہدایت کی کہ این ٹی ڈی سی اور پاور ڈویژن کے ساتھ خصوصی طور پر رابطہ کیا جائے تاکہ گلگت بلتستان میں پاور کے منصوبے شروع کرنے میں درپیش رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تھاکوٹ تا رائیکوٹ شاہراہ قراقرم کی الائمنٹ کے حوالے سے جے سی سی کے اجلاس میں چائینز حکومت کیساتھ بات کی جائے گی۔ اجلاس کے آخر میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ گلگت بلتستان سی پیک اتھارٹیز کی ترجیحات میں شامل ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 948409
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش