0
Saturday 14 Aug 2021 13:17

حکومت نے نوجوانوں کو ٹارگٹ کلنگ، مسنگ پرسنز اور منشیات دیئے ہیں، مشتاق خان

حکومت نے نوجوانوں کو ٹارگٹ کلنگ، مسنگ پرسنز اور منشیات دیئے ہیں، مشتاق خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ یہ ملک جرنیلوں بلو کرپٹ اور موروثی سیاست دانوں اور مافیا کا نہیں ہے، اس ملک کے اصل وارث نوجوان ہیں۔ یہ ملک کسی ادارے یا خاندان کو عوام کی گردنوں پر مسلط کرنے کے لئے نہیں بنا تھا بلکہ یہ امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے حاصل کیا گیا تھا۔ حکومت نے نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور کھیل کود سے محروم کردیا۔ حکومت نے نوجوانوں کو ٹارگٹ کلنگ، مسنگ پرسنز، نشہ اور آئس دیئے ہیں، 80 لاکھ نوجوان نشے کی لت میں مبتلا ہیں۔ منشیات کے سوداگر اسمبلیوں میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میر علی بازار میں کاروانِ انقلاب کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کاروانِ انقلاب بنوں سے ہوتا ہوا شمالی وزیرستان پہنچا، جہاں جگہ جگہ کاروان کا استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی یوتھ کے مرکزی صدر زبیر احمد گوندل، صوبائی صدر صدیق الرحمٰن پراچہ، جنرل سیکرٹری حفیظ اللہ خاکسار، نائب صدور شاہ جہان آفریدی، نور غلام آفریدی، عبدالرؤف قریشی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری زبیر اصلاحی، بنوں کے امیر پروفیسر اجمل خان، اختر علی شاہ اور شمالی وزیرستان کے امیر ملک رحمان اللہ نے بھی خطاب کیا، کاروانِ انقلاب میں جماعت اسلامی لکی مروت کے امیر عزیز اللہ خان مروت اور کرک کے امیر محمد ظہور خٹک بھی موجود تھے۔

سینیٹر مشتاق خان کا مزید کہنا تھا کہ وزیرستان کے خدی خیل قبیلے کے لوگ 8 فروری کو اغواء ہوئے ہیں اور تاحال ان کا کوئی پتہ نہیں چل رہا۔ وزیرستان میں ڈی سی، ڈی پی او، کرنل اور جرنل کس لئے بیٹھے ہیں۔ وزیرستان میں ٹارگٹ کلنگ اور مسنگ پرسنز کے ذمہ دار سول اور ملٹری انتظامیہ ہیں۔ ٹارگٹ کلنگ حکومتی سرپرستی میں ہو رہی ہے۔ لوگوں کو گھروں سے اٹھانا، انھیں سالوں غائب رکھنا اور پھر ان کو مار کر لاشیں اِدھر اُدھر پھینک دینا بدترین ریاستی دہشت گردی ہے۔ دن رات گھروں پر چھاپے چادر و چار دیواری کے تقدس کی پامالی، بشری اور پشتون روایات کی تذلیل ہے ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔ قبائل کے ساتھ وعدے ہوئے لیکن نہ سی پیک میں قبائل کو حصہ ملا اور نہ ہی قومی وسائل میں قبائل کو حصہ دیا جا رہا ہے۔ یہ علاقے اوپن ائیر پرزنز ہیں۔ وزیرستان میں داخلے کے لئے انٹری کرانے کی مذمت کرتے ہیں۔ وزیرستان کسی فرد یا ادارے کا نہیں ہم سب کا ہے۔ وزیرستان کے حقوق کے لئے پہلے بھی آواز اٹھائی ہے، آئندہ بھی میڈیا، سینیٹ اور قومی اسمبلی سمیت ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔ بے روزگار نوجوانوں کی سی ویز اور ان کی ڈگریاں بنی گالا  لے جائیں گے اور وزیر اعظم کو کہیں گے کہ انھیں روزگار دو ورنہ حکومت اور اقتدار چھوڑ دو۔ کاروانِ انقلاب کا مقصد نوجوانوں کو حقوق دلانا اور پاکستان کو کرپٹ سیاستدانوں اور مافیاز سے چھٹکارا دلانا ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 948545
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش