0
Saturday 4 Sep 2021 18:56

نسلوں کو علم و شعور دینے کا نام انقلاب ہے، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

نسلوں کو علم و شعور دینے کا نام انقلاب ہے، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
اسلام ٹائمز۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب نسلوں کی فکری، شعوری آبیاری اور ظلم و ناانصافی کو قبول کرنے سے انکار کر دینے کا نام ہے۔ جنہوں نے موجودہ نظام سے سب سے زیادہ فوائد حاصل کیے وہ بھی آج انقلاب کی بات کررہے ہیں۔ سوشل میڈیا کے منفی پروپیگنڈا کی یلغار کے اس ماحول میں پروان چڑھنے والی نسل کی فکری، نظریاتی و اعتقادی سمت کو درست کرنا علمائے کرام، مشائخ عظام، اساتذہ،والدین، دینی و اصلاحی تحریکوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری اور منہاج القرآن نے تعلیم و تربیت کے جدید ادارے قائم کر کے حقیقی انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے۔

انہوں نے سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  نظام المدارس پاکستان مدارس دینیہ کے نظام میں ایک ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ہے۔ نظام المدارس کی ورکنگ سے مدارس دینیہ کے نصابی و تدریسی ماحول میں انقلابی تبدیلیاں آرہی ہیں اور اڑھائی سو سالہ فکری جمود کو توڑنے میں مدد ملی ہے۔ ان شاء اللہ آئندہ دہائیوں میں مدارس دینیہ سے پروفیسرز، دینی سکالرز، بزنس، زراعت، انجینئرنگ، آئی ٹی ایکسپرٹس، سی ایس پی اورکمیشنڈ آفیسرز نکلیں گے اور یہی سکالرز پاکستانی سوسائٹی کو ریاست مدینہ کے قالب میں ڈھالنے کے حوالے سے مرکزی کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب محض شور و غوغا، بلند و بانگ نعروں اور دعوؤں کا نام نہیں ہے۔ یہ نسلوں کی فکری، شعوری آبیاری اور تعلیم و تربیت کرنے اور نقش کہن کو مٹا دینے کا نام ہے۔ الحمداللہ یہی عظیم خدمت تحریک منہاج القرآن چار دہائیوں سے بلاتعطل انجام دے رہی ہے۔

انہوں نے منہاج القرآن کے جملہ فورمز، تنظیمات، لائف ممبرز، رفقائے کار اور وابستگان سے کہا کہ اس وقت نوجوانوں کو منشیات کے استعمال، سگریٹ نوشی، بے عملی، بد اعتقادی اور وقت ضائع کرنے کی لت سے بچانے کے لئے اپنا دینی و قومی کردار ادا کریں۔ نوجوان ملک و ملت کا سب سے قیمتی اور نایاب خزانہ ہیں۔ اگر ہم اس خزانے کو بچانے اور صراط مستقیم پرلانے میں کامیاب ہو گئے تو پاکستان کو دنیا کا معتبر اور خوشحال ملک بننے سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں نائب صدر بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب ناظمین اعلیٰ، ڈائریکٹرز شعبہ جات و ممبران سنٹرل ورکنگ کونسل نے شرکت کی۔

اجلاس میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز کو پی ایچ ڈی مکمل کرنے،رانا نفیس حسین قادری کو صدر لاہور منتخب ہونے اور حافظ غلام فرید کوسنٹرل سیکرٹری کوآرڈینیشن مقرر ہونے پر مبارکباد دی گئی۔سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پاکستان سید امجد علی شاہ نے قربانی مہم، نظام المدارس پاکستان کے ناظم اعلیٰ علامہ میر آصف اکبر قادری نے نئے نصاب اور امتحانی نظام جبکہ علامہ مرتضیٰ علوی نے فہم دین پروگرام کے حوالے سے اور عبدالستار منہاجین نے ای سٹور کے بارے میں اپنی رپورٹ پیش کی۔ اجلاس میں جی ایم ملک، انجینئر محمد رفیق نجم، سردار شاکر مزاری، علامہ رانا ادریس، راجہ زاہد، سید الطاف حسین شاہ، نوراللہ صدیقی، جواد حامد،ڈاکٹر فرح ناز،جی ایم ملک،مظہر محمود علوی، چودھری عرفان یوسف،شہزاد رسول،سہیل رضا،نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ،احسن ارشاد،حاجی منظور حسین،رائے عزیز،سدرہ کرامت، انیلا الیاس نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 952129
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش