0
Friday 17 Sep 2021 18:59

جماعت اسلامی کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ

جماعت اسلامی کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو عوام دشمن اور حکومتی بے حسی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے ہر پندرہ دن بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی وجہ سے عوامی مسائل مزید گمبھیر ہو چکے ہیں، مہنگائی کا گراف روز بروز اوپر اور عام آدمی کی مشکلات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، عوام کی غربت اور پسماندگی کے ذمہ دار اسمبلیوں میں بیٹھے ہوئے نمائندگان ہیں، جن کا اصل کام اسمبلیوں میں مؤثر قانون سازی کے ذریعے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے پالیسیاں بنانا ہے، لیکن وہ اپنے فرائض سے غفلت کے مرتکب دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کی دعویدار ‏حکومت کا  پٹرول کی قیمتوں میں 5 روپے فی لیٹر اضافہ عوام کے ساتھ ظلم ہے، کپتان اور ان کی ٹیم عوام سے چیخیں نکالنے والے وعدے سے تیزی کے ساتھ عمل پیرا ہے، حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو روینیو اکٹھا کرنے کا ایک اہم ذریعہ بنا لیا ہے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافے سے ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافہ، بجلی کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے اشیائے خورونوش اور دیگر مصنوعات بھی مزید مہنگی ہونگی، پیٹرول کی قیمتوں میں آئے روز اضافے کی وجہ سے روزہ مرہ کی ضروری اشیاء عام آدمی کی پہنچ سے پہلے ہی باہر ہو چکی ہیں، حکومت پیٹرول کی قیمتوں میں کمی پیسوں میں، جبکہ اضافہ روپوں کے حساب سے کرکے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ محمد حسین محنتی نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کئے گئے اضافے کو واپس اور ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے کہ وہ عوام کو درپیش مشکلات اور مسائل کو حل کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کو یقینی بنائے۔
خبر کا کوڈ : 954349
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش