0
Thursday 23 Sep 2021 12:19

عالمی ادارہ صحت کے اعلیٰ سطح وفد کی کابل میں طالبان سے ملاقات

عالمی ادارہ صحت کے اعلیٰ سطح وفد کی کابل میں طالبان سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ایک بیان کے مطابق ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے کابل میں طالبان قیادت کے سینئر ارکان، اقوام متحدہ کے شراکت داروں، صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں اور مریضوں سے ملاقات کی۔ عالمی ادارہ صحت نے دیکھا کہ افغانستان کا نظام صحت تباہی کے کنارے پر ہے اور اگر فوری طور پر کارروائی نہیں کی گئی تو ملک کو ایک انسانیت سوز تباہی کا سامنا ہو گا۔ بیان میں کہا گیا کہ ہمارے دورے نے ہمیں خود افغان عوام کی فوری ضروریات کا مشاہدہ کرنے اور اسٹیک ہولڈرز سے ملنے کا موقع فراہم کیا تاکہ ہمارے صحت کے ردعمل کو فوری طور پر بڑھایا جا سکے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ہم اختلافات کو دور کرنے اور حل تلاش کرنے کے لیے تعمیری بات چیت میں مصروف ہیں جو ہمیں کئی دہائیوں کے تنازعات سے متاثر ہونے والے لاکھوں بے گناہ افغانوں کے لیے اپنا جان بچانے کا کام جاری رکھنے کی اجازت دے گا۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا تھا کہ اپنے پورے دورے کے دوران ہم نے طویل مدتی ترقیاتی اہداف کے حصول میں سرمایہ کاری کی ضرورت پر اور بہت سے ترجیحی صحت کے مسائل پر توجہ مرکوز کی جن پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔

افغانستان کے سب سے بڑے طبی منصوبے صحت مندی کے لیے عطیات دہندگان کی امداد میں کمی سے ہزاروں طبی مراکز طبی سامان اور عملے کی تنخواہوں کے لیے فنڈز سے محروم ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے کہا کہ ان میں سے بہت سے طبی مرازکز نے اپنا آپریشن محدود یا بند کردیا ہے جس سے صحت کی سہولت فراہم کرنے والے ایسے سخت فیصلوں پر مجبور ہوگئے ہیں کہ کسے بچایا جائے اور کسے مرنے کے لیے چھوڑ دیا جائے۔
بیان میں کہا گیا کہ صحتمندی کے تحت چلنے والے صرف 17 فیصد طبی مراکز اس وقت فعال ہیں۔ طبی سہولیات کی فراہمی میں اس تعطل نے نہ صرف بنیادی اور ضروری صحتی دیکھ بھال پر اثر ڈالا ہے بلکہ پولیو کے خاتمے اور کورونا ویکسینیشن جیسی ہنگامی ضروریات کو بھی متاثر کیا۔
خبر کا کوڈ : 955329
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش