0
Sunday 26 Sep 2021 14:02

مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا، گورنر پنجاب

مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا، گورنر پنجاب
اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے گورنر ہاوس لاہور میں ملاقات کی۔ صدر آزاد کشمیر اور گورنر پنجاب نے اقوام متحدہ میں کشمیریوں کا بھرپور مقدمہ لڑنے پر وزیراعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کیا۔ صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود اور گورنر چودھری محمد سرور نے خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کے حل کو لازمی قرار دیدیا۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان حقیقی معنوں میں کشمیریوں کے سفیر بن کر ان کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، بھارت سفارتی سطح پر دنیا میں تنہا اور بے نقاب ہوچکا ہے، ہم کشمیریوں کیساتھ کھڑے ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام جرات کیساتھ اپنی آزادی کی جدوجہد کررہے ہیں، ان شا اللہ وہ کامیاب ہوں گے، نریندر مودی اور بھارتی افواج کشمیر میں دنیا کی سب سے بڑی دہشتگردی کر رہے ہیں، جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا، خطے میں امن کے قیام کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بندوق اور گولی کی طاقت سے بھارت کشمیریوں کی آواز کسی صورت نہیں دبا سکتا۔ صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کا قتل عام کر رہا ہے، دنیا کو بھارتی مظالم کا فوری اور سخت نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہم آزاد کشمیر کو مضبوط اور خوشحال بنائیں گے، پاکستان کے موجودہ کوششوں کی وجہ سے کشمیریوں کی آواز آج دنیا کے کونے کونے میں پہنچ رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 955828
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش