0
Wednesday 31 Aug 2011 11:19

کوئٹہ میں عید خون میں ڈوب گئی، نماز عید کے موقع پر کار بم دھماکہ، 11 افراد شہید، 20 سے زائد زخمی

کوئٹہ میں عید خون میں ڈوب گئی، نماز عید کے موقع پر کار بم دھماکہ، 11 افراد شہید، 20 سے زائد زخمی
کوئٹہ:اسلام ٹائمز۔ گلستان روڈ پر موسی کالج کے ساتھ ہزارہ عیدگاہ پر خودکش کار بم حملے سے 11افراد شھید اور بیسوں افراد زخمی ہو گئے۔  متعدد گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ ملک بھر میں جب تمام لوگ عید کی خوشیاں منانے میں مصروف تھے، ٹھیک اسی وقت کوئٹہ کے علاقے گلستان روڈ پر واقعہ موسی کالج کے ساتھ امام بارگاہ جہاں پر عید کی نماز ہو رہی تھی بم دھماکہ ہو گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ خودکش کار بم دھماکہ تھا، حملہ آور نے کار کو پارکنگ بیرئیر سے ٹکرا دیا، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا ہے کہ دھماکہ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کار پارکنگ میں پہلے سے موجود گاڑی میں ہوا۔ دھماکے کی اب تک کی اطلاعات کے مطابق 11 افراد شہید ہو چکے ہیں جبکہ 20 سے زائد افراد شدید زخمی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں زور دار بم دھماکے میں تین خواتین سمیت گیارہ افراد شھید اور بیس سے زائد زخمی ہو گئے۔ سی سی پی او کوئٹہ احسن محبوب کے مطابق دھماکہ گلستان روڈ پر کار میں ہوا، دھماکہ خودکش حملہ تھا جس میں خودکش حملہ آور دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی عیدگاہ سے ٹکرانا چاہتا تھا کہ اس اثناء میں گاڑی میں دھماکہ ہوا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں تقریبا چالیس کلو گرام وزنی دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا، دھماکہ اتنی شدید نوعیت کا تھا کہ اس کی زد میں آ کر پانچ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے،تازہ تین اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی تعداد گیارہ ہو گئی ہے، جبکہ بیس سے زائد زخمی افراد ہو گئے، دھماکے کے بعد قریب میں کھڑی دس گاڑیوں میں آگ لگ گئی جبکہ قریب میں دو گھروں کی چھتیں اور دیواریں بھی گر گئیں، دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمی افراد کو سول ہسپتال اور سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا، جہاں پانچ مزید افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے، دھماکے کے بعد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا، دوسری جانب بلوچستان شیعہ کانفرنس، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی، مجلس وحدت مسلمین، جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمن، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی اور تحفظ عزاداری کونسل نے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے، مجلس وحدت مسلمین اور تحفظ عزاداری کونسل نے واقعہ کے خلاف سات روزہ سوگ کا بھی اعلان کیا ہے جبکہ وزیراعلی بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کی جانب سے بھی واقعہ کی شدید مذمت کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 95692
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش