0
Sunday 17 Oct 2021 09:54

مرکزی امام بارگاہ بڈگام میں دو ماہی نوحہ خوانی کا پروگرام اختتام پذیر

مرکزی امام بارگاہ بڈگام میں دو ماہی نوحہ خوانی کا پروگرام اختتام پذیر
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کے ضلع باڈگام کے مرکزی امام بارگاہ میں عشرہ محرم سے جاری دو ماہی نوحہ خوانی کا پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ اختتامی تقریب پر جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی مہمان خصوصی تھے۔ نوحہ خوانی کے اس پروگرام میں وادی کشمیر کے مختلف علاقہ جات سے وابستہ دائرات حسینی نے شرکت کی اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اس موقعہ پر آغا سید حسن نے عزاداری میں نوحہ خوانی کی اہمیت اور ناگزیریت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس دور میں نوحہ خوانی کے بغیر رسم عزاداری کی کوئی پہچان نہیں۔

آغا سید حسن موسوی نے کہا کہ معیاری نوحہ خوانی تبلیغ دین کی ضرورتوں کے عین مطابق ہے۔ انہوں نے امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقعہ پر آغا سید حسن نے افغانستان کے شہر قندھار میں شیعہ برادری کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ہلاکت خیز بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک عظیم المیہ ہے کہ افغانستان میں غیر ملکی افواج کے انخلاء کے بعد خطرناک سیاسی رسہ کشی شروع ہو چکی ہے اور مختلف قوتیں اپنے مقاصد کی تکمیل کے لئے ایک مسلکی اقلیت کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے اس سانحہ میں جان بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت و تسلیت کا اظہار کیا۔
خبر کا کوڈ : 959036
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش