0
Monday 18 Oct 2021 19:06

جی بی کونسل کے انتخابات کا شیڈول جاری، پولنگ 8 نومبر کو ہوگی

جی بی کونسل کے انتخابات کا شیڈول جاری، پولنگ 8 نومبر کو ہوگی
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کونسل کے انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کونسل ممبران کے انتخاب کیلئے پولنگ 8 نومبر کو ہو گی۔ شیڈول کے مطابق 20 اکتوبر کو ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا نوٹس جاری کیا جائے گا۔ 21 سے 25 اکتوبر تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جا سکیں گے۔ 26 اکتوبر کو کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی ہوگی،27 سے 28 اکتوبر تک کاغذات نامزدگی پر اعتراض کیخلاف چیف الیکشن کمشنر کے پاس اپیل جمع کرائی جا سکے گی۔ 29 سے 2 نومبر تک اپیلوں پر فیصلہ ہوگا۔ 3 اور 4 نومبر کو کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔ 6 نومبر کو امیدواروں کی فہرست آویزاں کی جائے گی۔ 8 نومبر کو پولنگ ہوگی۔

دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے جاری ایک اور نوٹیفکیشن کے مطابق سیکرٹری قانون رحیم گل کو ریٹرننگ آفیسر جبکہ ڈپٹی سیکرٹری پراسکیوشن ڈیپارٹمنٹ شفیق الرحمن اوراسسٹنٹ الیکشن کمشنر خورشید احمد کو پولنگ آفیسر مقرر کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ جی بی کونسل 2009ء کے آرڈر کے تحت وجود میں آئی تھی۔ پیپلزپارٹی کی حکومت نے جب پہلی مرتبہ آرڈر کے ذریعے گلگت بلتستان کو صوبائی سیٹ اپ دیا تو اس میں جی بی کونسل بھی قائم کی گئی۔ یہ وفاق اور گلگت بلتستان میں رابطے کیلئے سینیٹ کی طرز پر قائم کی گئی تھی تاہم جی بی کے اہم ترین سبجیکٹس جیسے منرلز، فاریسٹ، سیاحت سمیت 50 سے زائد شعبوں میں قانون سازی کا اختیار کونسل کو ہی حاصل ہے۔ جی بی اسمبلی ممبران کونسل کے چھ ارکان کا انتخاب کرینگے۔

گلگت بلتستان کونسل میں کل 15 ممبران ہوتے ہیں، جن میں سے چھ ارکان گلگت بلتستان اسمبلی منتخب کرتی ہے جبکہ جبکہ چھ ارکان وفاق سے سلیکٹ ہوتے ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان کونسل کے چیئرمین، گورنر جی بی وائس چیئرمین جبکہ وزیر اعلیٰ جی بی کونسل کا خصوصی ممبر ہوتا ہے۔ خیال رہے وفاق میں جب نون لیگ کی حکومت قائم ہوئی تو آرڈر 2018ء پر کام شروع ہوا اور اس میں کونسل ختم کرنے کی کوشش کی گئی لیکن دباﺅ کے بعد کونسل برقرار رہی تاہم کئی سبجیکٹس کونسل سے جی بی اسمبلی کو منتقل ہوئے۔ دوسری جانب عبوری آئینی صوبے کی سفارشات میں کونسل کو ختم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ جی بی عبوری صوبہ بننے کی صورت میں موجودہ صوبائی حکومت کی طرح کونسل بھی 2023ء میں ختم ہو گی۔
خبر کا کوڈ : 959349
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش