0
Monday 6 Dec 2021 20:30

محبوبہ مفتی کا جنتر منتر دہلی پر پارٹی ورکرز کے ہمراہ احتجاج

محبوبہ مفتی کا جنتر منتر دہلی پر پارٹی ورکرز کے ہمراہ احتجاج
اسلام ٹائمز۔ کشمیر میں جاری تشدد اور حالیہ ہلاکتوں کے خلاف پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے آج دہلی کے جنتر منتر پر مودی حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔ احتجاج کے دوران اُن کے ہمراہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ورکرز اور دیگر کارکن بھی موجود تھے۔ محبوبہ مفتی نے بھارتی حکومت پر جموں و کشمیر کو ’پرامن‘ علاقہ کے طور پر پیش کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ کشمیر کی سڑکوں پر خون بہایا جا رہا ہے اور لوگوں کو اپنی رائے کا اظہار کرنے پر انسداد دہشتگردی کے قوانین کے تحت گرفتار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو بولنے کی اجازت نہیں ہے، باہر نکلنے کی بھی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی باہر نکلتا ہے تو اسے گولی مار دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی سڑکیں خون سے بھری ہوئی ہیں۔
 
محبوبہ مفتی نے کہا کہ کشمیر کے نوجوانوں پر یو اے پی اے کی دفعات لگا کر انہیں جیلوں میں قید کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی جیلیں بھر گئیں تو انہیں اب ملک کی دیگر ریاستوں کی جیلوں میں بند کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کشمیر کو گوڈسے کا کشمیر بننے نہیں دیں گی جب کہ موجودہ مودی حکومت کشمیر کو گوڈسے کا کشمیر بنانا چاہتی ہیں۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ یہ گاندھی کا ملک ہے اور اسے ہم گوڈسے کے پیروکاروں کے حوالے نہیں کریں گے۔ انہوں نے اپنے پارٹی ورکرز کے ساتھ احتجاج کرتے ہوئے مودی حکومت سے مطالبہ کیا کہ کشمیر کا مسئلہ جلد حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں معصوم لوگوں کا خون بہانا بند کیا جائے، کشمیر کا حل صرف بات چیت سے کیا جا سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 967175
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش