0
Monday 6 Dec 2021 21:40

سیالکوٹ واقعہ، سول و عسکری قیادت کا اہم اجلاس، ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کا عزم

سیالکوٹ واقعہ، سول و عسکری قیادت کا اہم اجلاس، ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کا عزم
اسلام ٹائمز۔ سری لنکن شہری کے بہیمانہ قتل پر سول و عسکری قیادت کا اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سول اور عسکری قیادت کے اجلاس میں ملک کی مجموعی سیکیورٹی کا جائزہ لیا گیا اور سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کے بہیمانہ قتل پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ، قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف، وزیراطلاعات فواد چوہدری، وزیرداخلہ شیخ رشید احمد، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور دیگر سول اور عسکری عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیالکوٹ واقعے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں قصور واروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس کے شرکا نے مؤقف اپنایا کہ افراد اور ہجوم کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، ایسے واقعات کو  برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے ایک جامع حکمت عملی پر عمل درآمد کیا جائے گا،  تمام مجرموں کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔ اجلاس میں سری لنکن منیجر کو بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کی بہادری اور جرأت کی بھی تعریف کی گئی۔ بیان میں کہا گیا کہ ملک عدنان نے پریانتھا کمارا کو بچانے کے لیے اپنی زندگی خطرے میں ڈالی اور شرکا نے مقتول کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔ یاد رہے کہ 3 دسمبر کو سیالکوٹ میں واقع فیکٹری میں مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگا کر سری لنکن شہری کو مشتعل ہجوم نے بہیمانہ تشدد کر کے قتل کرنے کے بعد لاش کو آگ لگا دی تھی۔
خبر کا کوڈ : 967212
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش