0
Thursday 16 Dec 2021 01:14

امارات نے امریکہ سے اربوں ڈالر کے ہتھیاروں کی خریداری معطل کردی

امارات نے امریکہ سے اربوں ڈالر کے ہتھیاروں کی خریداری معطل کردی
اسلام ٹائمز۔ متحدہ عرب امارات نے امریکا سے 23 بلین ڈالر مالیت کے ہتھیار خریدنے کے معاہدے پر مذاکرات معطل کر دیئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں 50 ایف 35 طیاروں کی خریداری کا معاہدہ کا تھا جس پر بات چیت جوبائیڈن انتظامیہ میں جاری رہی تھی تاہم اب یہ مذاکرات معطل ہوگئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات نے مذاکرات معطل کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔ امریکی صدر نے یمن میں ایف سولہ طیاروں کے استعمال ہونے کے پیش نظر متحدہ عرب امارات کے ساتھ ہتھیاروں کے معاہدے کو چند یقین دہانیوں سے مشروط کرنے کا بھی عندیہ دیا تھا۔

واشنگٹن میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پینٹاگون سے آئندہ ہفتے ہونے والے مذاکرات میں ہتھیاروں کی خریداری کے معاہدے پر کوئی بات چیت نہیں کی جائے گی۔ تاہم اپنے بیان میں انھوں نے جدید ہتھیاروں کی خریداری کے لیے امریکا کا پہلی ترجیح ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے امکان ظاہر کیا کہ مستقبل میں ایف 35 طیاروں کے لیے بات چیت دوبارہ ہو سکتی ہے۔ واضح رہے کہ امریکا کے ساتھ ہتھیاروں کی خریداری کے لیے 23 ارب ڈالر کے معاہدے میں 50 ایف 35 طیارے، 18 مسلح ڈرونز اور دیگر  جنگی آلات بھی شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 968718
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش