0
Thursday 16 Dec 2021 21:25

عمران خان کیخلاف جھوٹ بولنے پر آرٹیکل 62/63 کے تحت کارروائی کی جائے، خورشید شاہ

عمران خان کیخلاف جھوٹ بولنے پر آرٹیکل 62/63 کے تحت کارروائی کی جائے، خورشید شاہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پر جھوٹ بولنے کی پاداش میں آئین کے آرٹیکل 62/63 کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے، موجودہ حکومت میں غیرسنجیدہ لوگوں کو اس بات کا احساس تک نہیں ہے کہ پاکستان کی معیشت کو تباہ و برباد کردیا گیا ہے، پی ٹی آئی کی حکومت میں شامل وفاقی کابینہ میں ایسے افراد شامل ہوگئے ہیں جنہیں اس بات کی سمجھ بوجھ تک نہیں ہے کہ حکومت کیسے چلائی جاتی ہے، جس کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ بھارت کی کرنسی بھی ہمارے روپے کے مقابلے میں تین گنا اوپر جاچکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بخاری ہاؤس ٹھٹھہ میں ذرائع ابلاغ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اس ملک کو بچایا ہے اور اس ملک کو دستور فراہم کیا، این ایف سی ایوارڈ اور اٹھارویں ترمیم بھی دی ملک کو ایٹمی طاقت بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کی ایک سنجیدہ سیاسی قوت ہے، ہم گالم گلوچ کی سیاست کبھی نہیں کرتے، پیپلز پارٹی نے ملک بھر سے لسانیت کو ختم کرنے میں مرکزی کردار ادا کیا ہے مگر اب کچھ سیاستدان ایک بار پھر لسانیت کی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت میں موجود کچھ ایسے عناصر بھی ہیں جو لسانیت کو ایک بار پھر ہوا دے رہے ہیں، جن کا راستہ ایم کیو ایم کے الطاف حسین کا راستہ ہے، اب ایک بار پھر ملک میں لسانیت پھیلانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپوزیشن میں ہے ہم نے ملک بھر میں بڑے بڑے عوامی جلسے کئے اور ہم نے ملک میں مہنگائی سمیت گیس بجلی اور آٹا چینی کی قلت کے خلاف بھی اپنا احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ناکارہ اور غلط قسم کی پالیسیوں کی وجہ سے ڈالر کی قیمتیں کہاں سے کہاں پہنچ چکی ہیں، جو بھی سیاسی پارٹی پارلیمنٹ سے بھاگتی ہے ان کی حالت ایسے ہی خراب ہوتی ہے، ڈالر کی اونچی اڑان کے اثرات ملکی معیشت پر پڑ رہے ہیں اور غریب عوام مہنگائی تلے پس رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت کے غلط اور ناکام پالیسیوں کے باعث ڈالر کہاں سے کہاں تک پہنچ گیا ہے جبکہ ہمارے دور حکومت کے دوران 25 سے 30 روپے کلو آٹا ملک بھر میں دستیاب تھا، مگر پی ٹی آئی کی حکومت نے آٹا اب اسی روپے فی کلو پر پہنچا دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 968843
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش