0
Tuesday 4 Jan 2022 22:44

پیپلز پارٹی عوامی حقوق کی جدوجہد کو لسانی رنگ دینے سے باز رہے، حافظ نعیم الرحمن

پیپلز پارٹی عوامی حقوق کی جدوجہد کو لسانی رنگ دینے سے باز رہے، حافظ نعیم الرحمن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی جماعت اسلامی کی اہل کراچی کے حقوق کی جاری جدوجہد اور دھرنے کو لسانی رنگ دینے اور مہاجر سندھی مسئلہ بنانے کی کوشش کررہی ہے کیونکہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم دونوں نے لسانیت و عصبیت کی سیاست کی ہے، ہماری تحریک اور جدوجہد کراچی کے ہر زبان اور علاقے سے تعلق رکھنے والوں کے حقوق کی جنگ اور تحریک ہے۔ جماعت اسلامی کے تحت سندھ اسمبلی کے سامنے دیئے جانے والے دھرنے کے پانچویں دن دھرنے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی منی پاکستان ہے اور یہاں ہر زبان بولنے اور علاقے سے تعلق رکھنے والے رہتے ہیں، پیپلز پارٹی نے تو نہ صرف کراچی دشمنی کا مظاہرہ کیا ہے بلکہ اندرون سندھ کے غریب عوام کو بھی محکوم و مظلوم بنایا ہے، پیپلز پارٹی عوامی حقوق کی جدوجہد کو لسانی رنگ دینے سے باز رہے، جماعت اسلامی کی تحریک پورے کے مظلوم و محکوم عوام کی تحریک ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی کی آدھی آبادی غائب کرکے جو ظلم و زیادتی اور حق تلفی کی گئی ہے اس کی ذمہ داری ایم کیوایم، پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی تینوں پر عائد ہوتی ہے، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم آج بھی صرف ڈرائنگ روم کی سیاست کررہی ہیں، سندھ میں حقیقی اپوزیشن صرف جماعت اسلامی ہے جو سڑکوں پر اور عدالت میں بھی عوام کا مقدمہ لڑرہی ہے، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم آپس میں ملتے اور پھر مشترکہ پریس کانفرنس کرکے کہتے ہیں کہ ہم بلدیاتی ایکٹ کے خلاف احتجاج کررہے ہیں، ایم کیو ایم عوام کو بے وقوف نہ بنائے پہلے یہ بتائے کہ 2013ء میں اس نے بلدیاتی اداروں کے اختیارات اور بہت سے محکمے پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کے حوالے کیوں کئے تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے 2021ء کے کالے بلدیاتی قانون میں مزید اختیارات صرف اس لئے لیتے ہیں کہ یہ مزید کرپشن کریں، مزید بھرتیاں کریں ان کی ذہنیت ہی کراچی دشمنی ہے۔
خبر کا کوڈ : 972036
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش