0
Saturday 28 May 2022 11:51

بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کل ہوں گے

بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کل ہوں گے
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان میں ساڑھے تین سال کی تاخیر کے بعد 34 میں سے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کل (اتوار) کو ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق صوبائی الیکشن کمیشن نے اس ضمن میں تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں، انتخابات میں حصہ لینے والے مرد و خواتین امیدواروں کی تعداد 16 ہزار 195 ہے۔ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار 132 خواتین امیدوار عام نشستوں پر براہ راست حصہ لے رہی ہیں، جہاں پر ان کے مدمقابل مرد امیدوار ہیں، زیادہ تر خواتین امیداروں کا تعلق ضلع سبی سے ہے۔ انتخابات کا انعقاد مئی 2019ء میں کیا جانا تھا لیکن اُس وقت کی صوبائی حکومت نے عدالت سے حکم امتناع لینے کے بعد بلدیاتی اداروں کو چلانے کے لیے ایڈمنسٹریرز تعنیات کر دیے تھے۔ جب بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے بلدیاتی انتخابات کرانے کی منصوبہ بندی کی، صوبائی حکام نے ایک کے بعد دوسرا عذر پیش کرکے انتخابات میں تاخیر کرنے کی کوشش کی۔ بلوچستان ہائی کورٹ میں اس بار انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست دی گئی لیکن عدالت نے اس درخواست کو مسترد کرکے ای سی پی کی جانب سے مقرر کردہ تاریخ 29 مئی انتخابات کرانے کا حکم دیا۔ انتخابات سیاسی جماعتوں کی بنیاد پر ہوں گے، تقریباً تمام جماعتوں کے ساتھ ساتھ مختلف گروپس اور آزاد امیداروں پر مشتمل پینل انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ سیاسی جماعتوں اور قبائلی گروپس کے بڑی تعداد میں امیدواران بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں تاہم الیکشن کمیشن نے اب تک نتائج کا اعلان نہیں کیا۔ بلوچستان کے وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے انتخابات کے دوران سیکیورٹی انتظامات اور امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کے لیے 60 کروڑ روپے کی رقم منظور کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 996481
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش