0
Monday 19 Sep 2011 09:38

کراچی،ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے گھر پر خودکش حملہ، 5 پولیس اہکاروں سمیت 8 افراد جاں بحق، 2 زخمی

کراچی،ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے گھر پر خودکش حملہ، 5 پولیس اہکاروں سمیت 8 افراد جاں بحق، 2 زخمی
کراچی:اسلام ٹائمز۔ کراچی میں ڈیفنس کے علاقے درخشاں تھانے کی حدود میں ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے گھر پر خودکش حملے کے نتیجے میں پانچ پولیس اہلکاروں سمیت آٹھ افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی ایس ایس پی چوہدری اسلم کے گھر سے ٹکرا دی۔ زوردار دھماکے کے نتیجے میں گھر تباہ ہو گیا۔ امدادی ٹیموں نے فوری جائے وقوعہ پر پہنچ کر کارروائیاں شروع کر دیں۔ حملے میں پانچ پولیس اہلکاروں سمیت آٹھ افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اطراف کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ دھماکے والی جگہ پر چھ فٹ گڑھا پڑ گیا، تاہم اس حملے میں چوہدری اسلم اور ان کے اہلخانہ محفوظ رہے۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے دھماکے کی مذمت کی ہے۔
دیگر ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے گھر پردھماکہ ہوا۔ جس کے نتیجے میں سات افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں، ذرائع کے مطابق ڈیفنس میں درخشاں تھانے کی حدود 32 اسٹریٹ پر واقع گھر پر دھماکہ ہوا۔ ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم نے بتایا ہے کہ وہ گھر پر موجود تھے جب صبح ساڑھے سات بجے کے قریب دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی ان کے گھر سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا اور ان کے متعدد سیکیورٹی گارڈ جاں بحق اور زخمی ہو گئے ہیں۔ جبکہ کئی گاڑیاں تباہ ہو گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے سے قریبی گھروں اور نجی اسکولوں کے شیشے اور کھڑکیاں ٹوٹ گئی ہیں، جبکہ دھماکے کے مقام پر کئی فٹ گہرا گڑھا پڑگیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور امدادی کارکنوں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے میں سات افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 99737
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش