1
Sunday 10 Mar 2024 22:46

تازہ ترین عالمی و علاقائی خبروں پر مشتمل اسلام ٹائمز کا خصوصی نیوز بلیٹن

متعلقہ فائیلیںخصوصی نیوز بلیٹن کے موضوعات:

1۔ آصف زرداری نے صدر مملکت کے عہدے کا حلف اٹھا لیا، حلف برداری کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے آصف زرداری سے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب میں چاروں صوبوں کے گورنرز اور وزرائے اعلیٰ موجود تھے، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔تقریب میں سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف، قائد مسلم لیگ نون نواز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، بلاول بھٹو، بختاور بھٹو، آصفہ بھٹو زرداری شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

2۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ان کی جماعت 27 رمضان کو ایوان صدر یا پھر امریکی سفارت خانے میں گھسنے کا فیصلہ کرے گی۔ آبپارہ چوک میں مظاہرین سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ پوری دنیا ایک طرف غزہ کے مظلوم مسلمان ایک طرف ہیں، اسرائیل اور امریکا اپنے حوایوں کے ساتھ مل کر فلسطینیوں پر مظالم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی جانیں دے کر قبلہ اول کی حفاظت کر رہے ہیں، لیکن پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلم ممالک خاموشی سے تماشا دیکھ رہے ہیں، نہ تو اسلامی ایٹم بم نہ ہی افواج اور نہ ہی سفارت کاری کام آرہی ہے۔

3۔ پی ٹی آئی کے لطیف کھوسہ اور سلمان اکرم راجا سمیت متعدد رہنماء و کارکنان گرفتار، پولیس نے دونوں رہنماوں کو لاہور سے گرفتار کیا۔ لطیف کھوسہ کے بیٹے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعوی کیا کہ ان کے والد کو لاہور سے پولیس نے گرفتار کیا۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج سے قبل ہی پولیس نے صدر گول چکر سے والد لطیف کھوسہ کو گرفتار کیا۔ اس کے علاوہ پولیس نے پی ٹی آئی کے رہنماء سلمان اکرم راجا کو بھی لاہور سے گرفتار کر لیا، جن اراکین اسمبلی کو گرفتار کیا گیا، ان میں بیرسٹر طیب راشد سندھو، اویس عمر ورک اور سرفراز احمد ڈوگر شامل ہیں۔

4۔ غزہ میں 5 ماہ سے جاری جنگ کیخلاف دنیا کے کئی ممالک میں احتجاج، اسرائیلی فوج نے رات گئے نصیرت کیمپ سمیت غزہ کے مختلف علاقوں پر بارود برسا کر خواتین اور بچوں سمیت 13 فلسطینیوں کو شہید کر دیا، دوسری جانب غزہ میں 5 ماہ سے جاری جنگ کے خلاف دنیا کے کئی ممالک میں احتجاج کیا گیا۔ جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں فلسطینیوں کی حمایت میں ریلی نکالی گئی، انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں امریکی سفارتخانے کے سامنے عوام نے بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا۔ دوسری جانب حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے رمضان سے قبل اسرائیل کے اتحادیوں سے جنگ کو بند کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

5۔ طالبان نے کہا ہے کہ پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، افغانستان میں طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے پاکستان میں عام انتخابات کے بعد وجود میں آنے والے حکومت سے اچھے توقعات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پاکستان کی نئی حکومت سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔ ذبیح اللہ مجاہد نے پاکستان کی نئی حکومت سے افغان مہاجرین کی بے دخلی کے فیصلے پر لچک دکھانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ انہوں نے مہاجرین کی کئی برسوں تک میزبانی کی ہے اور اب انہیں مہاجرین کی واپسی تک افغانستان سے تعلقات کے حوالے سے اپنے فیصلے پر غور کرنا چاہیئے۔

6۔ میکسیکو کی سرحد پر امریکی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 3 اہلکار ہلاک ہوگئے، حادثے کا شکار ہونے والا امریکی فوج کا ہیلی کاپٹر میکسیکو کی سرحد پر پیٹرولنگ میں مصروف تھا۔ ایئر بیس سے اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد ہیلی کاپٹر کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔ بعدازاں سرچ آپریشن کے دوران میکسیکو کی سرحد کے نزدیک ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا۔ ملبے سے نیشنل گارڈ کے 2 اور بارڈر فورس کے ایک اہلکار کی لاشیں نکالی گئیں جبکہ ایک کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ مقامی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں خاتون سمیت 4 اہلکار سوار تھے، تاہم حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت ان کے لواحقین اور رشتہ داروں کی اجازت کے بعد ظاہر کی جائے گی۔

7۔ انڈونیشیا میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ میں 19 افراد جاں بحق ہوگئے، انڈونیشیا کے جزیرے سماترا میں ہونے والی مسلسل بارشوں نے سیلابی صورت اختیار کرلی، سیلابی ریلا رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا اور اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔ بارشوں اور سیلاب کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی ہوئے، جن میں 5 سے زائد گھر دب گئے۔ مکانات کے ملبے سے 12 لاشیں نکالی گئی اور 7 کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ ملبے سے دیگر 6 افراد کو بحفاظت نکالا گیا جبکہ 5 تاحال لاپتہ ہیں، جن کے زندہ ملنے کی امیدیں دم توڑتی جا رہی ہیں۔ مسلسل بارشوں اور خراب موسم کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

تصویری رپورٹ: جس کا عنوان ہے "مقبوضہ کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام عظیم الشان عوامی اجلاس"
خبر کا کوڈ : 1121631
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش