0
Thursday 11 Jun 2020 10:38

پاراچنار، شورکو امام بارگاہ کی قومی سطح پر نئے سرے سے تعمیر(ویڈیو رپورٹ)

متعلقہ فائیلیںرپورٹ: ایس این حسینی

شورکو امام بارگاہ کے حوالے سے آپ سب کو علم ہے، جسے دہشتگردوں نے 5 مئی بمطابق 12 رمضان المبارک کو اذان فجر کے وقت دھماکہ کرکے شہید کر دیا تھا۔ دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ پوری عمارت سیکنڈوں میں ملبے کا ڈھیر بن گئی تھی۔ واقعے کی خبر سنتے ہی تحریک حسینی اور انجمن حسینیہ کے رہنماؤں سمیت اپر اور لوئر کرم کے ہزاروں مومنین موقع پر پہنچ گئے اور وہاں پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ اس موقع پر سول اور فوجی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔ دہشتگردوں اور ان کے اربابوں کا خیال تھا کہ علاقے کے مومنین کا روحانی اور دینی مرکز ختم کرکے انہیں تتر بتر کرکے یہاں سے بیدخل کر دیا جائے گا۔ ان کے وہم و گمان میں بھی یہ نہیں تھا کہ شیعہ وہ قوم ہے کہ امام حسین علیہ السلام اور ان کی یاد میں بنائے جانے والے مقامات یعنی امام بارگاہوں کو یہ لوگ اپنی بنیادی ضرورت کی اشیاء بیچ کر بنانے سے بھی گریز نہیں کرتے۔ شیعہ مرد تو کیا خواتین اور بچے اپنی ذاتی استعمال کی اشیاء بیچ کر امام بارگاہ بنانے میں خرچ کرتے ہیں۔

وقوعہ کے دن منعقدہ اجتماع میں بعض لوگوں کی رائے تھی کہ ہفتہ دو ہفتے بعد قومی مشورے اور اتفاق رائے سے امام بارگاہ کی تعمیر شروع کی جائے، تاہم تحریک حسینی کے نو منتخب صدر حاجی عابد حسین جعفری کی تجویز اور انتہائی اصرار پر واقعے کے اگلے روز قومی سطح پر نئے امام بارگاہ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ 6 مئی کو مرکزی جامع مسجد کے پیش امام علامہ شیخ فدا حسین مظاہری اور تحریک حسینی کے سپریم لیڈر اور سابق سینیٹر علامہ سید عابد حسین الحسینی نے ہزاروں مومنین کی موجودگی میں نئی امام بارگاہ کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر مومنین کے جذبات اور احساسات دیدنی تھے۔ موقع پر ہی 20 لاکھ سے زیادہ چندہ اکٹھا ہوگیا اور امام بارگاہ کی تعمیر کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی، تعمیر میں ہر طبقے کے لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ متعلقہ تعمیراتی کمیٹی کی دن رات کوششوں کے نتیجے میں صرف ایک ماہ کی قلیل مدت میں امام بارگاہ کی نئی عمارت اس وقت لینٹر تک پہنچ چکی ہے اور ایک دو دنوں میں ان شاء اللہ اس پر لینٹر ڈال دیا جائے گا۔

ویڈیو دیکھنے والے محترم ناظرین خود اندازہ لگا سکتے ہیں کہ امام بارگاہ کی شہادت سے عوام کے حوصلے متزلزل ہونے کی بجائے مزید بلند ہوئے ہیں اور دہشتگردوں کی امنگوں کے برعکس نئی امام بارگاہ الحمد للہ اس سے کئی گنا بڑی اور عالیشان طریقے سے تعمیر ہونے والی ہے۔ متعلقہ کمیٹی کے ذمہ دار افراد کا کہنا ہے کہ اہلیان کرم کے مشترکہ تعاون سے امام بارگاہ کی تعمیر زور و شور سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے صرف اینٹیں خریدی ہیں، جبکہ سریا، سیمینٹ، بجری، ریت، ٹریکٹر وغیرہ سے لیکر مستری اور مزدور تک ہمیں کسی چیز کی ابھی تک ضرورت نہیں پڑی ہے۔ ہر روز جگہ جگہ سے مومنین مستری، مزدور اور سامان خوراک سمیت آکر اپنے حصے کا کام کرکے واپس اپنے گھر چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک پیواڑ، قباد شاہ خیل، خرلاچی، مہورہ، شاخ دولت خیل اور مالی خیل سمیت درجنوں دیہات کے لوگ امام بارگاہ کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈال چکے ہیں، جبکہ اس دوران ہمیں کھانا تیار کرنے تک کا موقع نہیں دیتے۔ اللہ سے دعا ہے کہ ان تمام مخیر حضرات کی توفیقات خیر میں اضافہ فرمائے۔ قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔(ادارہ)
https://www.youtube.com/channel/UCnodHW8xrEdtL-iNo9nrjhQ/videos
خبر کا کوڈ : 867420
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش