0
Friday 19 Oct 2012 03:19

کراچی میں سیاسی کارکنوں کے بڑے پیمانے پر قتل کا منصوبہ تیار

کراچی میں سیاسی کارکنوں کے بڑے پیمانے پر قتل کا منصوبہ تیار
اسلام ٹائمز۔ دہشت گردوں نے کراچی میں سیاسی کارکنوں کے بڑے پیمانے پر قتل کا منصوبہ بنالیا۔ فرقہ وارانہ دہشت گردی کی وارداتوں میں اب سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔ حساس اداروں کی رپورٹ کے مطابق شہر میں انٹیلی جنس اہلکاروں کو متحرک کردیا گیا جبکہ سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے بارے میں تفصیلات بھی طلب کرلی گئی ہیں۔ محرم الحرام میں شہر میں فرقہ وارانہ دہشت گردی کی وارداتوں میں اضافے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ حساس اداروں کی رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں نے شہر کے 16 تھانوں کی حدود میں قتل و غارت گری کا منصوبہ بنایا ہے۔

ذرائع کے مطابق کراچی میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے ایک حساس ادارے نے وزارت داخلہ کو تفصیلی رپورٹ پیش کی ہے جس کے مطابق رواں سال شہر کے 16 تھانوں کی حدود میں موجود حکومتی حلیف جماعتوں متحدہ قومی موومنٹ، اے این پی اور مہاجر قومی موومنٹ کے کارکنان کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ مذکورہ رپورٹ میں شیعہ اور سنی فرقے سے تعلق رکھنے والے وکلاء، ڈاکٹرز اور پولیس اہلکاروں کے قتل میں استعمال ہونے والے اسلحہ کی مکمل تفصیلات اور فرانزک رپورٹ کے ساتھ ساتھ مقتولین کی سرگرمیوں کا تذکرہ بھی موجود ہے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ رپورٹ میں انٹیلی جنس ادارے نے فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کے بعد شہر کے 16 مختلف علاقوں کو سیاسی جماعتوں کے کارکنان کے حوالے سے حساس قرار دیا ہے۔ گلستان جوہر، گلشن اقبال، جمشید کوارٹرز، اورنگی ٹاﺅن، پیر آباد، نارتھ ناظم آباد، سہراب گوٹھ، سرسید، گلبرگ، لیاقت آباد، سرجانی ٹاﺅن، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، ملیر، سولجر بازار اور رسالہ تھانوں کی حدود میں متحدہ قومی موومنٹ، مہاجر قومی موومنٹ، پاکستان پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنان کو ہدف بنا کر قتل کئے جانے کے خدشے کا اظہار کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے رپورٹ موصول ہونے کے بعد اسپیشل برانچ پولیس سے مذکورہ علاقوں میں قائم سیاسی و مذہبی جماعتوں کے دفاتر کے محل و قوع اور کارکنان کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ جبکہ دفاتر کی سیکورٹی بھی سخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور حساس علاقوں میں سرگرم سیاسی کارکنوں کی نقل و حرکت پر بھی نظر رکھنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 204627
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش