0
Monday 17 Mar 2014 21:31

طالبان سے مذاکرات، حکومتی کمیٹی پر قبائلی عمائدین و منتخب نمائندؤں کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، آفتاب شیرپاو

طالبان سے مذاکرات، حکومتی کمیٹی پر قبائلی عمائدین و منتخب نمائندؤں کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، آفتاب شیرپاو
اسلام ٹائمز۔ قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیر پاؤ نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کیلئے حکومتی سطح پر تشکیل دی جانے والی کمیٹی سے متعلق خیبر پختونخوا کی سیاسی جماعتوں، فاٹا کے قبائلی عمائدین و منتخب نمائندؤں کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، صرف ایک جماعت سے مشاورت کی گئی ہے، مذاکرات ابھی ابتدائی مراحل میں ہیں۔ نیتجہ خیز ہونگے یا نہیں اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواب بگٹی کے مقدمہ قتل کی انسداد دہشت گردی کوئٹہ کی عدالت میں سماعت اور ضمانت کی درخواست منظور ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ آفتاب شیرپاؤ نے عدالتی فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں۔ عدالت نے جب کبھی بلایا تو ہم پیش ہونگے۔

طالبان و حکومت کے مابین مذاکرات سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر تشکیل دی جانے والی مذاکراتی کمیٹی سے متعلق خیبر پختونخوا کی سیاسی جماعتوں، فاٹا کے قبائلی عمائدین اور منتخب نمائندؤں کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، اور نہ ہی انہیں کسی مشاورتی عمل میں شریک کرنے کی ضرورت محسوس کی گئی ہے۔ صرف ایک جماعت کی بجائے اگر تمام سیاسی جماعتوں و قبائلی عمائدین کو اعتماد میں لیا جاتا تو ہم سمجھتے ہیں کہ زیادہ مؤثر و بہتر ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت و طالبان کے مابین مذاکرات کا عمل ابھی اپنے ابتدائی مرحلے میں ہے۔ ابھی تو طالبان کے مطالبات سامنے آئیں گے، ان کا موقف سامنے آئے گا، اس لئے مذاکرات کامیاب ہونگے یا نہیں یا کس حد تک نتیجہ خیز ثابت ہونگے اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 362817
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش