0
Wednesday 9 Apr 2014 09:24
وزیراعظم اور صدر کیجانب سے دھماکے پر شدید مذمت کا اظہار

اسلام آباد سبزی منڈی میں دھماکہ، 23 افراد جاں بحق، 42 زخمی، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ

اسلام آباد سبزی منڈی میں دھماکہ، 23 افراد جاں بحق، 42 زخمی، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ
اسلام ٹائمز۔ دہشتگردوں نے وفاقی دارالحکومت کو نشانے پر لے لیا، اسلام آباد کی سبزی منڈی میں زور دار دھماکہ ہوا، جس میں تیئس افراد جاں بحق اور بیالیس زخمی ہوگئے، اسلام آباد کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ پھلوں کی پٹیوں میں چھپایا گیا بارود پھٹا تو ایک بار پھر زمیں لہو لہو ہوگئی۔ دھماکہ تھانے سے ملحقہ ٹماٹر منڈی میں ہوا، جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے کے فوری بعد ہر طرف دھواں ہی دھواں ہوگیا اور افراتفری پھیل گئی۔ دھماکے کی جگہ کے قریب حساس ادارے کا دفتر اور کچھ ہی فاصلے پر پولیس لائنز بھی واقع ہے۔ دھماکے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے حادثے کی جگہ پر پہنچ کر زخمیوں کو پمز ہسپتال منتقل کیا۔ 
ترجمان پمز ہسپتال ڈاکٹر عائشہ کے مطابق زخمیوں میں زیادہ تر تعداد نوجوانوں کی ہے، جن کی حالت نازک ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکے میں 5 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا جو پھلوں کی پیٹیوں میں چھپایا گیا تھا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ آئی جی خالد خٹک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ابھی یہ نہیں کہا جاسکتا کہ دھماکہ خودکش تھا۔ انھوں نے بتایا کہ جس وقت دھماکہ ہوا منڈی میں دو سے ڈھائی ہزار افراد موجود تھے۔ وزیراعظم نواز شریف اور صدر ممنون حسین نے دھماکے پر شدید مذمت کا اظہار کیا ہے۔ 
 
دیگر ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں پیر ودھائی سبزی منڈی میں دھماکے کے نتیجے میں 23 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ وائس چانسلر پمز ڈاکٹر جاوید اکرم کے مطابق سبزی منڈی دھماکے میں ہلاکتوں کی تعدادی 23 ہوگئی ہے۔ وائس چانسلر کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں 9 کی حالت نازک ہے، جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاشیں قابل شناخت ہیں اور ان کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔ قائم مقام آئی جی خالد خٹک کا کہنا ہے کہ حملے سے متعلق کوئی اطلاع نہیں تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ سبزی منڈی میں آنے والے ہر ٹرک اور ہر شخص کو چیک کرنا ممکن نہیں۔ پولیس کے مطابق دھماکہ خیز مواد امرود کی پیٹی میں رکھا گیا تھا جو بولی کے وقت زرو دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں وہاں موجود درجنوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا۔ پیر ودھائی سبزی منڈی راولپنڈی اور اسلام آباد کی مشترکہ سبزی و فروٹ منڈی ہے، صبح کے وقت منڈی میں کافی رش ہوتا ہے اور بڑی تعداد میں لوگ خریداری کیلئے یہاں آتے ہیں۔ سبزی منڈی کے قریب سکیورٹی اداروں کے دفاتر بھی واقع ہیں۔
خبر کا کوڈ : 370839
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش