0
Saturday 9 Aug 2014 17:25

عراق، یزیدی برادری کی امداد کے لیے داعش کیخلاف امریکہ کی فضائی کاروائی

عراق، یزیدی برادری کی امداد کے لیے داعش کیخلاف امریکہ کی فضائی کاروائی
اسلام ٹائمز۔ امریکہ نے جنوبی عراق میں اسلام اسٹیٹ آف عراق و شام (آئی ایس آئی ایس) کی پوزیشنز کو پہلی بار لڑاکا طیاروں کی مدد سے نشانہ بنایا ہے اور اس میں مزید توسیع کا بھی امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ عراق میں 2011ء کے بعد امریکہ کی پہلی فوجی کارروائی ہے اور صدر باراک اوبامہ نے آئی ایس آئی ایس کی زمینی پیشرفت کی روک تھام کے لیے اس حملے کا حکم دیا تھا، جبکہ کرد حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکی فوج کو ان حملوں کی اجازت دے گی تاکہ گزشتہ دو ماہ کے دوران اس انتہاپسند تنظیم کے ہاتھوں میں جانے والے علاقوں کا قبضہ واپس لیا جا سکے۔ پینٹاگون کا کہنا ہے کہ امریکی فورسز نے کردستان کے صدر مقام اربیل میں داعش کے ٹھکانوں پر حملے کے بعد ایک آرٹلری پوزیشن پر بمباری کی، جبکہ کچھ گھنٹوں بعد ایک ڈرون حملے میں ایک مارٹر پوزیشن جبکہ لڑاکا طیاروں کی مدد سے آئی ایس آئی ایس کی سات گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکہ نے شمالی عراق کے پہاڑی سلسلے میں آئی ایس آئی ایس کے ڈر سے پناہ لیے ہوئے ہزاروں افراد تک خوراک اور پانی پہنچانا بھی طیاروں کے ذریعے گرانا شروع کیا ہے، متعدد افراد سنجار کے پہاڑی سلسلے میں گزشتہ پانچ روز سے شدید گرمی میں پناہ لیے ہوئے ہیں جن کا تعلق یزیدی برادری سے ہے۔ پینٹاگون کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کارگو طیاروں کی مدد سے ان ہزاروں عراقی افراد تک خوراک کی دوسری سپلائی پہنچائی گئی ہے۔ امریکی صدر باراک اوبامہ نے عندیہ دیا ہے کہ عراق پر حملے محدود ہوں گے تاہم انہوں نے انہیں روکنے کے لیے کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا، جبکہ وائٹ ہاﺅس کے ترجمان کا اصرار ہے کہ عراق میں طویل فوجی تنازعے میں امریکی مداخلت کا امکان موجود نہیں۔ عراق کے چیف آف اسٹاف نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ عراقی و کرد فورسز آئندہ چند گھنٹوں میں ہی آئی ایس آئی ایس سے کافی علاقوں کا قبضہ واپس لینے میں کامیاب ہو جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی فضائی حملوں کا دائرہ آئی ایس آئی ایس کے زیرقبضہ دیگر علاقوں تک بھی پھیل سکتا ہے تاہم انہوں نے اس کی وضاحت نہیں کی۔ یاد رہے کہ اس وقت یہ تنظیم بغدار کے مغرب، شمال اور جنوب میں کافی بڑے رقبے پر قابض ہے۔ کرد صدر کے چیف آف اسٹاف فواد حسین نے جمعے کو رات گئے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ امریکی حملوں سے کردش فورسز کو آئی ایس آئی ایس کے قبضے میں جانے والے علاقوں کا کنٹرول واپس لینے میں مدد ملے گی۔
خبر کا کوڈ : 403872
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش