0
Thursday 21 Aug 2014 19:43

فوج نے حکومت کو 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم دے دیا، چوہدری شجاعت حسین

فوج نے حکومت کو 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم دے دیا، چوہدری شجاعت حسین
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ فوج نے سیاسی بحران کے حل کے لیے حکومت کو 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل ڈان نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی بحران سے نمٹنے کے لیے آئینی حل تیار کرلیا گیا ہے، چوہدری شجاعت نے کہا کہ نواز شریف سے آرمی چیف سمیت پوری فوج ناراض ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مقدمے اور حکومت کی تحلیل کے مطالبے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، قاف لیگ رہنماء نے کہا کہ دھرنا جاری رہے گا اور وہ اُس وقت تک یہاں سے نہیں جائیں گے جب تک وزیراعظم استعفیٰ نہ دے دیں، چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ احتجاج ہر ایک کا حق ہے اور ہمارے کوئی لمبے چوڑے مطالبات نہیں ہیں۔

اس سوال کے جواب میں کہ اگر تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے مطالبات تسلیم کر لیے جائیں تو فوج کی مداخلت اور آئینی بحران پیدا کیے بغیر انتقال اقتدار کا معاملہ کس طرح سے حل کیا جا سکتا ہے، چوہدری شجاعت نے کہا کہ اس حوالے سے مشاورت کرلی گئی ہے، چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی اس طرح کی صورتحال سامنے آتی رہی ہے اور کوئی آئینی بحران سامنے نہیں آئے گا۔ چوہدری شجاعت کے اس جواب سے یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ وہ ایک عوامی ریفرنڈم کا اشارہ دے رہے ہیں، چوہدری شجاعت کی جانب سے یہ بات ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گذشتہ روز آرمی چیف نے مذاکرات کے ذریعے بحران کے حل پر زور دیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 405998
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش