0
Wednesday 24 Sep 2014 17:14

تحریک انصاف کے صوبائی وزیر اکرام اللہ گنڈا پور نااہل قرار

تحریک انصاف کے صوبائی وزیر اکرام اللہ گنڈا پور نااہل قرار
اسلام ٹائمز۔ الیکشن ٹریبونل نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صوبائی وزیر زراعت اکرام اللہ گنڈا پور کو جعلی ڈگری کیس میں نااہل قرار دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اکرام اللہ گنڈا پور ڈیرہ اسماعیل خان کے حلقے پی کے 67 سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ اکرام اللہ گنڈا پور کے حریف آزاد امیدوار فتح اللہ میاں خیل نے الیکشن ٹریبونل میں ان کی جعلی ڈگری کے حوالے سے درخواست دائر کر رکھی تھی۔ جس پر ٹریبونل نے فیصلہ دیتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت اکرام اللہ گنڈاپور کو نااہل قرار دے دیا۔ اکرام اللہ گنڈا پور سابق وزیر اعلیٰ اور پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر قانون اسرار اللہ گنڈا پور کے بھائی ہیں۔ اسرار اللہ گنڈا پور اکتوبر 2013 میں ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں اپنے گھر کے باہر ایک خود کش کے نتیجے میں ہلاک ہو گئے تھے۔ اسرار اللہ کی ہلاکت کے بعد اکرام اللہ کو پاکستان تحریک انصاف کا ٹکٹ دیا گیا تھا۔ تاہم اکرام اللہ نے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کو خلاف قانون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں جانے کا حق رکھتے ہیں۔ دوسری جانب وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے متعدد ارکان کی دھاندلی اور جعلی ڈگری پر نااہلی نے عمران خان کی قلعی کھول دی ہے۔ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان جعلی ڈگری والوں کو ٹکٹ دینے پر پارٹی قیادت سے استعفٰی دیں۔
خبر کا کوڈ : 411413
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش