0
Saturday 27 Sep 2014 11:13

مسئلہ کشمیر زمینی تنازع نہیں، سردار یعقوب

مسئلہ کشمیر زمینی تنازع نہیں، سردار یعقوب
اسلام ٹائمز۔ صدر آزاد جموں و کشمیر سردار یعقوب خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کوئی زمینی تنازعہ نہیں ڈیڑھ کروڑ کشمیریوں کے بنیادی حقوق کا مسئلہ ہے۔ کشمیری عوام عزت و وقار اور امن کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔ امت مسلمہ کی حمایت سے کشمیریوں کو اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا حوصلہ ملتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے او آئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسلامی تعاون تنظیم کے مسئلہ جموں و کشمیر کے حوالے سے قائم رابطہ گروپ کا اجلاس جنرل عیاد امین مدنی کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس میں پاکستان کے مشیر امور خارجہ سرتاج عزیز، سعودی عرب کے وزیر خارجہ کے نمائندے، ترکی ، نائیجریا اور دیگر ممالک کے وزراء خارجہ اور دیگر حکام کے علاوہ صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان، وزیر حکومت فرزانہ یعقوب، حریت رہنما اشتیاق حمید، سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری، کشمیر رابطہ گروپ میں کشمیریوں کے نمائندہ سفارتکار عبداللہ عبدالرحمان علیم اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سردار محمد یعقوب خان نے او آئی سی اور تمام رکن ممالک کا کشمیری قوم کے حق خودارادیت کی مسلسل اور بے لوث حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امت مسلمہ کی اس حمایت سے ہم کشمیریوں کو اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے لیے ہمت اور حوصلہ ملتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام امید کرتے ہیں کہ او آئی سی موجودہ سیکرٹری جنرل کی اہل قیادت میں کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر قطعہ اراضی کا تنازعہ نہیں جیسا کہ بھارت نے تاثر قائم کیا ہوا ہے، بلکہ یہ ڈیڑھ کروڑ زندہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کا معاملہ ہے۔ اقوام متحدہ کے ذریعے بین الاقوامی برادری نے جموں و کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دلانے کا وعدہ کر رکھا ہے۔

سردار یعقوب نے کہا کہ بھارت نے اپنے وعدے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی نفی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں جنگل کا قانون نافذ کر رکھا ہے۔ بنیادی انسانی حقوق کی پامالی معمول ہے۔ آزادی پسند سیاسی رہنما زیرحراست ہیں۔ گذشتہ دو دہائیوں میں 90 ہزار سے زیادہ بے گناہ کشمیریوں کو شہید اور لاتعداد کو زخمی اور معذور کیا گیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ایک بھی خاندان ایسا نہیں جو بھارتی قابض فوج کے ظلم وزیادتی سے بچا ہو۔ کشمیری قوم عالمی برادری خصوصا امت مسلمہ کی طرف دیکھ رہی ہے کہ ان کے جائز اور قانونی حق کی حمایت کی جائے اور بھارت پر دبائو ڈالا جائے کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے۔
خبر کا کوڈ : 411881
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش