0
Tuesday 24 Apr 2018 20:32

پاک فوج کیخلاف نوجوانوں کو اکسانے کیلئے تعلیمی اداروں میں برین واشنگ کے منصوبے کا انکشاف

پاک فوج کیخلاف نوجوانوں کو اکسانے کیلئے تعلیمی اداروں میں برین واشنگ کے منصوبے کا انکشاف
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے 23 بڑے سرکاری تعلیمی اداروں اور 47 معروف پرائیویٹ یونیورسٹیز اور کالجز میں طلبا کی پاک فوج اور قومی اداروں کیخلاف برین واشنگ کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس گھناؤنی سازش پر عرصہ دراز سے کام جاری ہے اور اس کیلئے 5 غیر ملکی خفیہ ایجنسیز باقاعدہ کام کر رہی ہیں جبکہ 3 سیاسی جماعتیں بھی اس گھناؤنی سازش کا باقاعدہ حصہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق طلباء کی برین واشنگ کرنیوالے مافیا نے ایسی ایسی جعلی فلمیں، جعلی بیانات، جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ بنا رکھے تھے جنہیں دکھا کر یہ ثابت کرنے کی کوشش کی جاتی ہے کہ پاکستان میں اہم ترین قومی ادارے ظلم کر رہے ہیں اور دہشتگردوں کو ان نوجوانوں کے سامنے مظلوم بنا کر پیش کیا جا رہا تھا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان یں موجود 21 معروف این جی اوز بھی اس گھناؤنی سازش کا حصہ ہیں جبکہ میڈیا سے تعلق رکھنے والے کئی افراد بھی اس سازش میں شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق لاہور کے معروف ترین 2 اداروں اور 3 سرکاری جامعات میں اس منصوبے پر نہ صرف تیزی سے کام ہو رہا ہے بلکہ سب سے زیادہ فنڈنگ بھی کراچی اور لاہور میں ان تعلیمی اداروں پر کی گئی ہے، اس کے علاوہ ایسے تمام نوجوان جو کبھی افغانستان سے تربیت لے کر آئے تھے ان کو بھی فنڈنگ کرکے پاکستان اور پاکستان کے اداروں کیخلاف تیار کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق پہلے تعلیمی اداروں کے اندر اور اس کے بعد مختلف پرائیویٹ جگہ پر لڑکے اور لڑکیوں کو بلوایا جاتا ہے، جہاں افغانستان اور بھارت کے پہاڑی علاقوں میں بنائی گئی جعلی ویڈیوز ان کو دکھائی جاتی ہیں، جعلی فلموں میں یہ دکھایا جاتا ہے کہ پاک فوج کے افسران لوگوں کو قتل کر رہے ہیں۔ اسی محفل میں ایک بزرگ شخص کو تیار کر لے لایا جاتا ہے جو پہلے سے تیار کی گئی کہانی کے مطابق بتاتا ہے کہ اس کے پورے خاندان کو قتل کر دیا گیا ہے۔ ایسے واقعات سے نوجوان جذباتی ہو کر قومی اداروں کیخلاف بولنا شروع ہو جاتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایسے ثبوت بھی جمع کر لئے گئے ہیں کہ افغانستان کے صوبہ قندھار، کنڑ میں باقاعدہ ویڈیوز بنائی گئیں اور ان ویڈیوز میں جن لوگوں کو قاتل دکھایا گیا ہے وہ پاکستانی فوج کی وردی میں ہے لیکن حقیقت میں ان کا تعلق بھارتی خفیہ ایجنسی را سے ہے۔ ایسی 4 ویڈیو بھی حاصل کر لی گئی ہیں جو بھارت کے سرحدی علاقوں میں تیار کی گئی ہیں اور انہیں پاکستان کے علاقے بنا کر پیش کیا گیا ہے۔

انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق ایسے منصوبے پر متعین اساتذہ کو بھاری فنڈنگ کی گئی ہے جبکہ وہ غیر ملکی دورے بھی کر چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جو 3 سیاسی جماعتیں اس منصوبے میں کردار ادا کر رہی ہیں، بظاہر وہ سیاسی جماعتیں ہیں، ان میں سے 2 تو صرف اپنے صوبے تک محدود ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس منصوبے کے پیچھے کام کرنیوالی قوتوں نے چاروں صوبوں میں ان نوجوانوں سے جلسے جلوس کروانے کے بعد اسلام آباد پر دھاوا بولنے کا پلان بھی تیار کر رکھا ہے اس دوران ان کے پیچھے کھڑی قوتیں ان کے رہنماؤں کو قتل کرکے الزام پاکستانی اداروں پر لگانے کی کوشش کریں گی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کے حساس اداروں نے ان کیخلاف نہ صرف تحقیقات تیز کر دی ہیں بلکہ ان کیخلاف سخت قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 720270
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش