0
Friday 11 May 2018 22:17

نظام مصطفے محاذ کے زیراہتمام ملک گیر ’’یوم امن و محبت ‘‘ منایا گیا

نظام مصطفے محاذ کے زیراہتمام ملک گیر ’’یوم امن و محبت ‘‘ منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ اہلسنت جماعتوں کے گرینڈ الائنس ’’نظام مصطفے متحدہ محاذ ‘‘ کے زیراہتمام بڑھتی ہوئی سیاسی و مذہبی انتہاپسندی کیخلاف ملک گیر ’’ یوم امن و محبت ‘‘ منایا گیا اور علمائے اہل سنت نے امن، محبت اور رواداری کے موضوع پر خطبات جمعہ دیئے جبکہ جمعہ کے اجتماعات میں سیاسی و مذہبی شدت پسندی کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں اور عوام سے امن پسندی کا عہد لیا گیا۔ یوم امن و محبت کے موقع پر نظام مصطفے متحدہ محاذ کے چیئرمین صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی نے ملتان میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی و مذہبی شدت پسندی ملک کے لئے زہر قاتل ہے۔ نفرت انگیز تقریروں کو روکا جائے۔ اہل سنت پہلے کی طرح اب بھی ہر طرح کی انتہاپسندی، دہشت گردی اور فرقہ واریت کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔ صوفیا کے پیروکار امن و محبت کا راستہ نہیں چھوڑیں گے۔ نظام مصطفے محاذ کے صدر صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر نے حیدرآباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سچا عاشق رسول انتہا پسند نہیں ہو سکتا۔ اسلام نفرت نہیں محبت پھیلانے کا درس دیتا ہے۔ سیاست میں بڑھتی شدت پسندی تشویشناک ہے۔ سیاسی و مذہبی قائدین قوم میں تحمل اور برداشت پیدا کریں۔ سب کو سیاسی اخلاقیات کی پاسداری کرنی چایئے۔ ملک سیاسی تصادم کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ نظام مصطفے محاذ کے سیکریٹری جنرل صاحبزادہ حامد رضا نے فیصل آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مذہب کے نام پر انتہاپسندی کو فروغ دینا اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔ اہل سنت نے دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کی بھاری قیمت ادا کی ہے۔ ہم اہل سنت کی امن پسندی کی روشن تاریخ کو داغدار نہیں ہونے دیں گے۔ ہم بارود نہیں درود والے ہیں۔ نظام مصطفے محاذ کے سنیئر وائس چیئرمین ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ہم نے جنازے اٹھا کر بھی اسلحہ نہیں اٹھایا۔ اہل سنت نے طالبانائزیشن کی مزاحمت کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ اہل حق آخری دہشت گرد کی موت تک پاک فوج کا ساتھ دیتے رہیں گے۔ یوم امن و محبت کے موقع پر نارووال میں پیر سید منور حسین شاہ جماعتی، کراچی میں الحاج محمد حنیف طیب، لاہور میں پیر سید معصوم حسین نقوی، ہری پور میں قاضی عتیق الرحمن، سکھر میں پیر غلام رضوانی جیلانی، کوئیٹہ میں پیر خالد سلطان قادری، شیخوپورہ میں پیر میاں جلیل احمد شرقپوری، میانوالی میں پیر سید صفدر شاہ گیلانی نے اجتماعات سے خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 723913
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش