0
Tuesday 22 May 2018 20:37

گلگت بلتستان اصلاحاتی پیکیچ خطے کے عوام کیساتھ مذاق سے بڑھ کر کچھ نہیں، علامہ ناصر عباس

گلگت بلتستان اصلاحاتی پیکیچ خطے کے عوام کیساتھ مذاق سے بڑھ کر کچھ نہیں، علامہ ناصر عباس
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ نااہل وزیراعظم کا نمائندہ حفیظ الرحمان گلگت بلتستان کے آئینی حقوق پر ڈاکہ ڈال رہا ہے۔ گلگت بلتستان آرڈر 2018ء میں اس وزیراعظم کو ویٹو پاور اور آئینی ترمیم کا حق دیا گیا ہے، جس کے انتخاب میں گلگت بلتستان کے عوام کی رائے شامل ہی نہیں۔ ایک ہی ملک میں دو طرح کے نظام حکومت نہیں چل سکتے، یہ پاکستان کے آئین کی صریحاََ خلاف ورزی ہے، جو ہر شہری کو حق رائے دہی کی ضمانت دیتا ہے۔ اپنے بیان میں ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ یہ دوہرا معیار ہے کہ ایک طرف گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی حقوق سے محروم رکھا جائے اور دوسری جانب ان پر غیر آئینی طریقے سے قوانین لاگو کئے جا رہے ہیں۔ انگریز کے بنائے ہوئے کالے قانون سے جس طرح فاٹا کے عوام کی جان چھڑائی جا رہی ہے اور انہیں مکمل پاکستانی شہری کے حقوق دیئے جار رہے ہیں، اسی طرح گلگت بلتسان کے لوگوں کو بھی حقوق دیئے جائیں۔ علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان پاکستان کا وہ واحد خطہ ہے، جہاں کے عوام گذشتہ 77 سالوں سے پاکستانی پرچم اٹھائے مکمل پاکستانی شہری بننے کی جدوجہد میں ہیں، مگر حکمران اپنی کج فہمیوں کے ذریعے پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کرنے میں مصروف ہیں، عوامی خواہشات کے برعکس فیصلے کو گلگت بلتستان کی عوام نے مسترد کر دیا ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے مزید کہا کہ اصلاحاتی پیکج آرڈر 2018ء نے گلگت بلتستان کی عوام میں احساس محرومی مزید بڑھا دیا ہے۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں، ایسے یکطرفہ آرڈرز حالات کو سنگینی کی جانب لے جائیں گے۔ سلامتی کونسل کمیٹی میں گلگت بلتستان کی نمائندگی کے بغیر علاقے کی قسمت کا فیصلہ کرنا کہاں کا انصاف ہے؟، کسی بھی قسم کے آرڈر کو آئینی تحفظ کے بغیر نافذ کرنا علاقے کے عوام سے سنگین مذاق ہے۔ سربراہ ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کی عوام کے آئینی حقوق کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑی ہے، گلگت بلتستان خطے کا اہم ترین اسٹریٹیجک حصہ ہے۔ گلگت بلتستان سی پیک منصوبے کی شہ رگ ہے۔ قدرتی وسائل اور آبی ذخائر سے مالا مال علاقہ جو کہ سیاحوں کی جنت کہلاتا ہے، جس کے رہائشی پاکستان کو ہی اپنا سب کچھ سمجھتے ہیں۔ پاکستان بننے سے لے کر اب تک کی تمام جنگوں اور ملٹری آپریشنز میں سینکڑوں جوانوں کے خون کا نذرانے دینے والے اب تک اپنی شناخت کی تلاش میں ہیں۔ دنیا کا واحد خطہ جو کہ اپنے الحاق کی تحریک چلا رہا ہے۔ مقتدر حلقوں کو علاقے کی بےچینی اور محرومیوں کو سمجھنا ہوگا اور جلد از جلد گلگت بلتستان کی عوام کی خواہشات کے مطابق فیصلہ کرنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 726669
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش