0
Sunday 27 May 2018 11:22

فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کا بل آج صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائیگا

فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کا بل آج صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائیگا
اسلام ٹائمز۔ وفاق کے زیرِانتظام قبائلی علاقہ جات فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام سے متعلق بل آج صوبائی اسمبلی میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیرِ صدارت آج ہو گا، جس کے دوران فاٹا کے صوبے میں انضمام سے متعلق بل کی منظوری لی جائے گی۔ صوبائی حکومت کو فیصلے کی توثیق کیلئے 82 ووٹ درکار ہوں گے، جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے علاوہ تمام جماعتیں توثیق کی حمایت کریں گی۔ یاد رہے کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن جماعت جے یو آئی (ف) نے اسمبلی کے گھیراؤ کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ مالاکنڈ ڈویژن کے اراکین کی جانب سے بھی بل کی مخالفت سامنے آئی ہے۔ مالاکنڈ ڈویژن کے 24 اراکین اسمبلی نے بل کے متن پر تحفظات کا اظہار کیا ہے جن کا کہنا ہے کہ بل میں فاٹا کے ساتھ پاٹا کو شامل کرنا زیادتی ہے، اگر حکومت پاٹا کی حیثیت تبدیل کرنا چاہتی ہے تو پیکج کا اعلان کرے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ فاٹا انضمام کی توثیق کیلئے 2 تہائی اکثریت درکار ہے اور مطلوبہ اکثریت حاصل کرنے کیلئے حکومت اور اپوزیشن میں رابطوں کا آغاز ہو چکا ہے۔ وزیراعلٰی پرویز خٹک نے یہ ٹاسک اسپیکر اسد قیصر کو سونپا ہے۔ فاٹا کے انضمام سے متعلق آئینی ترمیمی بل کے متن کے مطابق قومی اسمبلی کی نشستیں 342 سے کم ہو کر 336 رہ جائیں گی، جب کہ فاٹا کو خیبر پختونخوا اسمبلی میں 21 نشستیں ملیں گی۔ بل کے مطابق عام نشستیں 16، خواتین کی 4، غیر مسلم کی ایک نشست ہوگی، جبکہ فاٹا کی موجودہ قومی اسمبلی کی نشستیں 2018ء الیکشن میں برقرار رہیں گی۔ متن میں کہا گیا ہے کہ عام انتخابات کے ایک سال بعد فاٹا کی اضافی نشستوں پر الیکشن ہوں گے۔ خیال رہے کہ 25 مئی کو فاٹا کے انضمام کا بل سینیٹ میں منظور کر لیا گیا تھا، بل کی حمایت میں 71 اور مخالفت میں 5 ووٹ دیئے گئے تھے۔ یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے قومی اسمبلی میں فاٹا کے انضمام سے متعلق آئینی ترمیمی بل منظور کر لیا گیا تھا، بل کی حمایت میں 229 جبکہ مخالفت میں 1 ووٹ آیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 727563
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش