0
Friday 22 Jun 2018 21:37

پی ٹی آئی نے بورے والا سے عائشہ نذیر جٹ سمیت تین امیدواروں کے ٹکٹ منسوخ کر دیے

پی ٹی آئی نے بورے والا سے عائشہ نذیر جٹ سمیت تین امیدواروں کے ٹکٹ منسوخ کر دیے
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف نے آئندہ عام انتخابات کیلئے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 162 سے عائشہ نذیر جٹ کو ٹکٹ جاری کیا تھا، عائشہ نذیر جٹ نے اس سے قبل پی پی 232 گگو منڈی (بورے والا) سے مسلم لیگی امیدوار یوسف کسیلیہ کا 2016ء کے ضمنی انتخاب میں مقابلہ کیا تھا، تاہم وہ اس الیکشن میں فتح یاب نہیں ہوسکی تھیں۔ اس کے علاوہ پی پی 229 (گگو منڈی) سے پی ٹی آئی کی جانب سے عبدالحمید بھٹی اور پی پی 230 سے سابق ایم این اے چوہدری نذیر احمد جٹ کو ٹکٹس جاری کئے گئے تھے، تاہم پارٹی کی جانب سے تینوں امیدواروں سے ٹکٹس واپس لے لئے گئے ہیں، تینوں امیدواروں سے ٹکٹس پی ٹی آئی امیدوار کے مقابلے میں آزاد حیثیت میں الیکشن میں حصہ لینے کی وجہ سے واپس لئے گئے ہیں۔ عائشہ نذیر جٹ کی چھوٹی بہن ڈاکٹر عارفہ نذیر جٹ این اے 163 وہاڑی سے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑ رہی ہیں، اسی حلقے سے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اسحاق خاکوانی پارٹی کے امیدوار ہیں۔ عارفہ نذیر جٹ اور اسحاق خاکوانی کے مقابلے کے باعث نذیر جٹ گروپ کو تینوں ٹکٹوں سے محروم کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ 2002ء میں چوہدری نذیر جٹ بورے والا سے قاف لیگ کے ٹکٹ پر ایم این اے بنے تھے، جس کے بعد 2008ء میں وہ پیپلزپارٹی کے ایم این اے رہے، تاہم انہیں سپریم کورٹ کی جانب سے جعلی ڈگری کی بناء پر نااہل قرار دے دیا گیا تھا، جس کے بعد بورے والا شہر کے حلقے سے نذیر جٹ کے بھتیجے چوہدری اصغر جٹ پیپلزپارٹی کے ایم این اے منتخب ہوئے۔ 2013ء کے الیکشن میں نذیر جٹ کی جانب سے ضلع وہاڑی کے 5 حلقوں سے الیکشن لڑا گیا، لیکن وہ کہیں بھی کامیاب نہ ہوسکے۔ انہوں نے گذشتہ الیکشن میں 2 حلقوں سے اپنی صاحبزادیوں عائشہ اور عارفہ کو کھڑا کیا تھا جبکہ دو حلقوں سے ان کی دونوں بیگمات نے بھی الیکشن لڑا تھا۔
خبر کا کوڈ : 732893
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش