0
Sunday 22 Jul 2018 07:15

بھارت کیطرف سے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے دعوٰی محض ایک ڈھونگ ہے، سید علی گیلانی

بھارت کیطرف سے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے دعوٰی محض ایک ڈھونگ ہے، سید علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے  چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارت کی بدنامِ زمانہ تہاڑ جیل دہلی میں مقید کشمیری حریت رہنماؤں کے خلاف بھارت کی قومی تحقیقاتی ایجنسی (NIA) کی انتقام گیرانہ پالیسی کے تحت انہیں عدالت میں پیش نہ کرنے اور ان کے خلاف کرایہ کے فرضی گواہوں کی لمبی فہرست مرتب کرنے کی ظالمانہ کارروائی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ سید علی شاہ گیلانی نے کہا کہ NIA اور ED کی طرف سے اسیران زندان بشمول شبیر احمد شاہ، پیر سیف اللہ، الطاف احمد شاہ، ایاز اکبر، راجہ معراج الدین کلوال، شاہد الاسلام، نعیم احمد خان، شاہد یوسف، محمد اسلم وانی، ظہور احمد وٹالی اور فاروق احمد ڈار کے خلاف من گھڑت اور بے بنیاد کیسوں میں ملوث کرکے ان کی عدالتی ٹرائل کو جان بوجھ کر طول دینا جمہوریت اور انصاف کو قتل کرنے کے مترادف ہے۔

حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین نے انصاف دلانے میں تاخیری حربوں کو انصاف کی مٹی پلید کرنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے بھارت کے تہاڑ جیل میں NIA کی ظالمانہ کارروائیوں کا شکار ہونے والے اسیران زندان کے ساتھ روا رکھے جارہے متعصبانہ اور بے رحمانہ سلوک پر انتہائی دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس طرزِ عمل سے بھارت کی طرف سے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے دعوٰی کو محض ایک ڈھونگ قرار دیا۔ انہوں نے ان اسیران زندان کے بلند حوصلوں اور عظیم قربانیوں کو خراج تحسین ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ریاست جموں کشمیر کے سبھی لوگوں کو اپنے جیلوں میں مقید کرسکتا ہے، لیکن انہیں حق خودارادیت کے مطالبے سے دستبردار ہونے کے لئے مجبور کرنے پر قادر نہیں ہوسکتا۔

حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین نے کہا کہ تحریک مزاحمت کا نام ہی یہ وضاحت کرتا ہے کہ غاصب طاقتیں عوام کے جائز حقوق پر شب خون مار سکتے ہیں، لیکن انہیں سامراجیت کے تابعدار بنانے میں انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑتا ہے۔ حریت کانفرنس نے ایک سینئر مزاحمتی راہنما میر حفیظ اللہ کی رہائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میر حفیظ اللہ کو 2016ء کی عوامی تحریک کے دوران گرفتار کرکے متعدد جیلوں اور پولیس تھانوں میں قید کرکے رہا کیا گیا ہے، جبکہ وہ کئی امراض میں مبتلا ہوچکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 739268
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش