0
Thursday 24 Jul 2014 21:33

یوم القدس بھرپور انداز میں مناکر قدس کی آزادی کی تحریک کو جلا بخشیں گے، اطہر عمران

یوم القدس بھرپور انداز میں مناکر قدس کی آزادی کی تحریک کو جلا بخشیں گے، اطہر عمران
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیش پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران نے کہا ہے کہ 26 رمضان المبارک بتاریخ 25 جولائی بروز جمعہ کو یوم القدس منایا جارہا ہے اس سلسلے میں آئی ایس او پاکستان کے تحت ملک بھر میں ریلیاں اور احتجاجی مظاہروں کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں، ملک کے بڑے شہروں جن میں اسلام آباد، لاہور، سکھر، راولپنڈی، گلگت بلتستان، پشاور، کوئٹہ میں آزادی قدس ریلیاں نکالی جائیں گی جبکہ مرکزی القدس ریلی کراچی میں نمائش چورنگی سے نکالی جائے گی، ریلی کا اختتام تبت سینٹر پر ہوگا جہاں جلسہ منعقد ہوگا اور مرکزی خطابات کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علی حسین نقوی، شیعہ ایکشن کمیٹی کے رہنما علامہ مرزا یوسف حسین اور جعفریہ الائنس کے رہنما سلمان مجتبیٰ نقوی و دیگر بھی موجود تھے۔ اطہر عمران طاہر کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو ہفتے غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں اب تک 650 سے زائد شہید جبکہ ہزاروں افراد زخمی ہوچکے ہیں، ہم اقوام متحدہ، او آئی سی اور عرب لیگ سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ ان کو کس چیز نے فلسطین کی حمایت اور غاصب صیہونی ریاست کی مخالفت سے روکا ہوا ہے؟ کیا ان کو غزہ میں اٹھنے والی معصوم بچوں کی لاشیں نظر نہیں آتیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایس او پاکستان نے مسلمانانِ عالم کے خلاف ہونے والے ہر ظلم کے خلاف ہمیشہ آواز بلند کی ہے۔ چاہے وہ فلسطین کا مسئلہ ہویا بوسنیا کا، کشمیرکا ہو یا برما کا، وہ لبنان کا مسئلہ ہو یا شام و عراق کا، آئی ایس او نے بلاتفریق اپنے تمام مظلوم مسلمان بھائیوں کے لئے صدائے احتجاج بلند کی ہے اور ماضی میں تحریک حمایت مظلومین جہاں بھی چلائی، یہی وجہ ہے کہ جب امام خمینی نے سب سے پہلے فلسطینی مسلمانوں کی حمایت اور بیت المقدس کی آزادی کے لئے صدائے احتجاج بلند کی اور مسلمانانِ عالم کو ماہِ رمضان کے آخری جمعہ یعنی جمعۃالوداع کو یوم القدس کے عنوان سے منانے کا حکم دیا تو آئی ایس او پاکستان نے امام خمینی کے فرمان پر لبیک کہتے ہوئے فلسطین کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے پاکستان میں جمعۃ الوداع کو یوم القدس کے عنوان سے منانے کا اعلان کیا، اس اعلان کے ساتھ ہی پاکستان میں موجود اسرائیلی گماشتوں نے صیہونی ایماء پر کبھی کوئٹہ میں یوم القدس کے دن فلسطین سے اظہار ہمدری کرنے والوں کو خون میں نہلایا تو کبھی کراچی کی سر زمین پر خون بہایا۔

اطہر عمران کا کہنا تھا کہ اس سال بھی یوم القدس سے صرف ایک ہفتہ قبل کراچی میں آئی ایس او پاکستان کے دو سابق یونٹس صدور شہید عدیل عباس اور شہید حیدر عباس کو نشانہ بناکر اسرائیلی ایجنٹ ہونے کا ثبوت دیا لیکن یہ اسرائیلی گماشتے شاید اس بات کا ادراک نہیں رکھتے کہ آئی ایس او پاکستان کے جوان اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کی حمایت سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹ سکتے، ہم اس سال ایک بار پھر بھرپور انداز میں یوم القدس مناکر قدس کی آزادی کی تحریک کو جلا بخشیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور اس کے گماشتوں کو یہ باور کرا دیں گے کہ ہم اس تحریک سے ہرگز پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں، 26 رمضان المبارک بتاریخ 25 جولائی بروز جمعہ کو یوم القدس منایا جارہا ہے اس سلسلے میں آئی ایس او پاکستان کے تحت ملک بھر میں ریلیاں اور احتجاجی مظاہروں کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ ملک کے بڑے شہروں جن میں اسلام آباد، لاہور، سکھر، راولپنڈی، گلگت بلتستان، پشاور، کوئٹہ میں آزادی قدس ریلیاں نکالی جائیں گی، جبکہ مرکزی القدس ریلی کراچی میں نمائش چورنگی سے نکالی جائے گی، ریلی کا اختتام تبت سینٹر پر ہوگا جہاں جلسہ منعقد ہوگا اور مرکزی خطابات کئے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 401312
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش