0
Wednesday 20 Aug 2014 11:23

غزہ میں صیہونی فضائی جارحیت، حماس کمانڈر کی بیوی اور بچی شہید

غزہ میں صیہونی فضائی جارحیت، حماس کمانڈر کی بیوی اور بچی شہید
اسلام ٹائمز۔ عارضی جنگ بندی اور قاہرہ میں ہونے والے مذاکرات کو ہوا میں اڑاتے ہوئے صیہونی حکومت نے غزہ پر دوبارہ اپنے فضائی حملوں کا آغاز کر دیا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ایمرجنسی سروسز کے حوالے سے لکھا ہے کہ بدھ کی صبح جنوبی غزہ کے قصبے دیر البلاح میں صیہونی فوج کے حملوں کے نتیجے میں الوہ خاندان سے تعلق رکھنے والے چھ افراد ہلاک ہوئے۔ جن میں ایک حاملہ خاتون، تین بچے اور دو مرد شامل ہیں۔ ایمرجنسی سروسز کا کہنا ہے کہ مذکورہ خاتون نو ماہ کے حمل سے تھیں، لیکن ڈاکٹر بچے کو بچانے میں ناکام رہے، جبکہ حماس نے دعویٰ کیا ہے کہ صیہونی فوج کے فضائی حملے کے نتیجے میں اس کے ایک کمانڈر کی بیوی اور بچی شہید ہوگئی ہے۔ حماس کے جلا وطن رہنما موسٰی ابو مرذوق نے اپنے فیس بک اسٹیٹس میں لکھا ہے کہ "منگل کی رات ایزی ڈائن القاسم بریگیڈ سے تعلق رکھنے والے ہمارے عظیم کمانڈر محمد ضیف کی بیگم اور بیٹی صیہونی فضائی حملے کے نتیجے میں شہید ہوگئی۔" تاہم محمد ضیف کے حوالے سے موسٰی ابو مرذوق نے کوئی معلومات فراہم نہیں کیں۔ 
منگل کو صیہونی حملوں کے نتیجے میں خاتون اور دو سالہ بچی کی موت 10 اگست کے بعد صیہونی حملوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کا پہلا واقعہ ہے۔ اے ایف پی کے مطابق آٹھ جولائی سے شروع ہونے والی اس جنگ میں کم از کم 2،026 فلسطینی جبکہ 67 اسرائیلی ہلاک ہوچکے ہیں۔ صیہونی ملٹری کے مطابق منگل کو غزہ میں 25 سے زائد مقامات کو نشانہ بنایا گیا، تاہم ان مقامات کی نشاندہی نہیں کی گئی۔ حماس کے مسلح ونگ عزالدین القسام کا کہنا ہے کہ صیہونی حکومت نے اپنے لیے خود جہنم کے دروازے کھولے ہیں اور اسے ان جرائم کی قیمت چکانی پڑے گی۔ یاد رہے کہ صیہونی حکومت اور حماس کے مابین چوبیس گھنٹوں کی توسیع شدہ جنگ بندی اس وقت ختم ہوگئی تھی جب منگل کی دوپہر صیہونی حکومت نے غزہ پر دوبارہ فضائی حملوں کا آغاز کر دیا تھا۔ القسام بریگیڈ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے تل ابیب اور جنوبی شہر بیرشیوہ کو نشانہ بنایا اور 34 راکٹ فائر کئے، جبکہ صیہونی ملٹری نے داغے جانے والے راکٹوں کی تعداد 50 بتائی ہے، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
مترجم : سید اسد رضا نقوی
خبر کا کوڈ : 405715
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش