0
Sunday 20 Apr 2014 17:55

چینی کمپنی کی وزیراعلٰی جی بی سے ملاقات، دریائے ہنزہ سے 1300 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے میں دلچسپی

چینی کمپنی کی وزیراعلٰی جی بی سے ملاقات، دریائے ہنزہ سے 1300 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے میں دلچسپی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت مقامی اور غیر مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ مکمل تعاون کریگی اور سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کیا جائیگا۔ گلگت بلتستان میں پاور پراجیکٹس کے حوالے سے وسیع مواقع موجود ہیں حکومت نے محدود وسائل کے باوجود صوبے میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے پن بجلی گھروں کیلئے منصوبوں کا آغاز کیا ہے نئے بجلی گھروں کی تعمیر پر کام جارہی ہے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ پاور پراجیکٹس کی تعمیر میں تیزی لائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی سطح پر گرڈ اسٹیشن کی تعمیر کیلئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ بجلی کے بحران پر جنگی بنیادوں پر کام مکمل کر کے قابو پایا جا سکے۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ حکومت نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم پالیسی بنائی ہے۔ بہت جلد صوبے میں جاری لوڈشیڈنگ پر قابو پایا جائیگا۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں چائنیز غیر سرکاری ادارے ٹرائجن (TRIGEN) کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں چائینز غیر سرکاری ادارے کے سربراہ نے ادارے کے حوالے سے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ چائینز کمپنی گلگت بلتستان میں پاور پراجیکٹس اور مائیننگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔  چائینز سربراہ نے کہا کہ ٹرائجن (TRIGEN) گلگت بلتستان کے مختلف مقامات میں1300 میگا واٹ بجلی کے منصوبوں پر کام کرنے کیلئے سروے کررہی ہے ۔ اس حوالے سے ادارے کے ماہرین نے دریائے ہنزہ، پسو، عطاء آباد، ناصر آباد سمیت KIU پل سے منسلک مقامات کا جائزہ لیا ہے۔ ادارے کے سربراہ نے کہا کہ ٹرائجن کمپنی نے گلگت بلتستان میں پاور پراجیکٹس اور مائیننگ کے شعبے میں 10ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایا ہے۔

غیر ملکی ادارے کے سربراہ نے وزیراعلٰی سے ملاقات میں کہا کہ انکا ادارہ گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت کے تعاون سے مائننگ، پاور، انڈسٹریز اور ٹورازم کے شعبے کی ترقی کیلئے کام کریگا۔ ادارے کی جانب سے سرمایہ کاری کے حوالے سے MOU پر دستخط کرنے کیلئے وزیراعلٰی کو چین کے دورے کی دعوت دی تاکہ جلد از جلد گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری کا آغاز کیا جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری سے صوبے کی تعمیر و ترقی کو یقینی بنایا جائیگا۔ حکومت مقامی و غیر مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریگی۔
خبر کا کوڈ : 374777
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش