0
Monday 24 Mar 2014 00:54

ترکی نے شام کا جنگی طیارہ گرا دیا

ترکی نے شام کا جنگی طیارہ گرا دیا
اسلام ٹائمز۔ شام کے فوجی ترجمان نے کہا ہے کہ ترکی نے سرحد کے قریب اس کا ایک فوجی لڑاکا طیارہ مار گرایا ہے۔ شام نے اسے "کھلی جارحیت" قرار دیا ہے۔ نامعلوم ترجمان نے شام کے سرکاری ٹی وی پر کہا ہے کہ اتوار کے روز شام کا ایک فوجی طیارہ ساحلی صوبے لاذقیہ میں شامی حدود کے اندر غیر ملکی حمایت یافتہ باغیوں کیخلاف کارروائی کر رہا تھا کہ اسے ترکی کی جانب سے نشانہ بنایا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ حملے کے بعد پائلٹ نے ایجیکشن سیٹ کے ذریعے خود کو طیارے سے باہر نکالا۔ المنار ٹی وی کے مطابق ترکی کی جانب سے شامی جیٹ پر دو میزائل فائر کئے گئے تھے۔ ترکی ان اہم ممالک میں شامل ہے، جو شام کے موجودہ صدر بشار الاسد کی حکومت کا خاتمہ چاہتے ہیں اور اسی لئے شامی باغیوں کی حمایت کرتا ہے۔
 
ترکی نے الزام عائد کیا ہے کہ شامی طیارے نے اس کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔ ترک وزیرِاعظم طیب اردگان کا ملک کے شمال مغرب میں الیکشن ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ "ایک شامی طیارے نے ہماری فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی، ہمارے ایف 16 طیاروں نے اس (شامی) جیٹ کو نشانہ بنایا۔ کیوں؟ کیونکہ اس نے ہماری فضائی سرحدوں کی خلاف ورزی کی تھی اور اگلا تھپڑ اس سے بھی سخت ہوسکتا ہے۔" اس علاقے میں شامی باغی کسب کراسنگ پر قبضے کیلئے لڑ رہے ہیں اور یہ لڑائی جمعے سے جاری ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ یہاں باغیوں کو ترک افواج کی حمایت بھی حاصل ہے۔
خبر کا کوڈ : 365029
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش