0
Wednesday 7 Dec 2011 23:13

سنی تحریک نے یوم عاشور یوم امن کے طور پر منایا

سنی تحریک نے یوم عاشور یوم امن کے طور پر منایا

 اسلام ٹائمز۔ سنی تحریک نے یوم عاشور یوم امن کے طور پر منایا۔ اس سلسلے میں ملک گیر پیغام حسین ع کانفرنسیں، جلسے اور سیمینار منعقد کیے گئے۔ شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جڑواں شہروں میں بھی مختلف مقامات پر محافل کا انعقاد کیا گیا جبکہ مرکزی سالانہ پیغام حسین ع کانفرنس چوہڑ ہڑپال میں منعقد کی گئی، جس سے علامہ غفران محمود سیالوی، مفتی لیاقت علی رضوی، صاحبزادہ عطاء الرحمن دھنیال اور علامہ طاہر اقبال چشتی نے خطاب کیا۔ معروف مذہبی سکالر علامہ غفران محمود سیالوی نے کہا کہ باطل قوتوں سے نبرد آزما ہونا ہی حسینیت ہے۔ ظلم سے سمجھوتہ کرنا ظلم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔ حضرت امام حسین ع نے دین کی سربلندی اور اعلٰی انسانی اقدار کے تحفظ کیلئے جرأت و شجاعت کی عظیم تاریخ رقم کی اور انسانوں کو جرأت و بہادری کے ساتھ جینے کا حوصلہ بخشا۔
 
مفتی لیاقت علی رضوی نے کہا کہ یزیدی قوتوں کے سامنے ڈٹ جانا ہی پیغام کربلا ہے۔ انسانیت کی بقاء کیلئے احتجاج اور جدوجہد کرنا کربلا کا وہ پیغام ہے جو دنیا کے انسانوں کو استحصال سے نجات دلا سکتا ہے۔ صاحبزادہ عطاء الرحمن دھنیال نے کہا کہ واقعہ کربلا اسلام کی سربلندی کیلئے سب کچھ قربان کرنے کا درس دیتا ہے۔ سیدنا امام حسین نے ظالم حکمران کے سامنے کلمۂ حق کہنے کا جو باب رقم کیا ہے وہ تمام انسانیت بالخصوص عالم اسلام کیلئے قابل تقلید ہے۔ علامہ طاہر اقبال چشتی نے کہا کہ ہمیں اس بات کو نہیں بھولنا چاہیے کہ کربلا کا پیغام دراصل حضور اکرم ص کے پیغام انسانیت کی لاج رکھنے کا وہ واقعہ ہے جس کی روشنی سے مسلم اُمہ ہمیشہ فائدہ اٹھاتی رہے گی۔ شہادت کربلا کا فلسفہ ہمیں بتاتا ہے کہ عوام کی سماجی و معاشی خوشحالی ہی حسینی مشن کی تکمیل ہے۔ کانفرنس سے ملک عبدالرؤف، مفتی ریحان اکبرہاشمی، مفتی فاروق چشتی، علامہ سرفراز چشتی، صاحبزادہ شاہد منصور نورانی، صاحبزادہ عبدالرحمن سیالوی، سید حمید نقوی، علامہ ناصر نقشبندی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ 

خبر کا کوڈ : 120336
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش