0
Saturday 13 Sep 2014 10:13

مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں سیلاب متاثرین تاحال امداد کے منتظر

مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں سیلاب متاثرین تاحال امداد کے منتظر
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کا بیشتر حصہ سیلاب کے پانی سے مکمل طور پر تباہ جب کہ 5 لاکھ سیلاب زدگان اب بھی امداد کے منتظر اور 200 سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حکام نے بتایا کہ سیلابی پانی تو اترنا شروع ہو گیا لیکن اس کے ساتھ ہی شہر کی تباہی کے آثار بھی نمایاں ہونا شروع ہو گئے ہیں، پہاڑی علاقوں میں ایک لاکھ سے زائد افراد محصور ہیں کیونکہ سیلابی پانی سے کٹاؤ کے باعث ان علاقوں میں آمدورفت کے راستے بند ہو گئے ہیں۔ آئی این پی کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں امدادی سرگرمیوں میں تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔ موسلادھار بارشوں اور 60 برس کے عرصے میں آنے والے بدترین سیلاب کی شدت تو کم ہو گئی تاہم ایک ہفتے بعد بھی کشتواڑ اور ڈوڈا سے لاپتا ہونے والے 200 افراد کا کوئی پتا نہیں چلایا جا سکا، صرف ڈوڈا میں 343 افراد کے محصور ہونے کی اطلاعات ہیں جن میں 45 طلباء بھی شامل ہیں۔

ادھر حریت رہنماؤں نے عالمی برادری سے سیلاب میں پھنسے لاکھوں افراد کی بحالی کے لئے مدد کی اپیل کی ہے۔ حریت رہنماؤں کے مطابق ہزاروں دیہات مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں جب کہ سیلاب کے دوبارہ زور پکڑنے کی صورت میں مزید دیہات کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ آن لائن سے ٹیلی فونک گفتگو میں چیئرمین حریت کانفرنس سید علی گیلانی نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی پھیل چکی ہے، بھارت منفی پروپیگنڈا بند کرے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بے یارومددگار چھوڑ دیا گیا ہے، اقوام متحدہ کے ادارے فوری امداد کے لیے ایکشن لیں، اس وقت لاکھوں افراد کے سروں پر چھت تک نہیں ہے، مسلمان ممالک بھی اپنا کردار ادا کریں۔

این این آئی کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں سیلاب کی وجہ سے ہونے والی تباہی سے کشمیر کے 7 اضلاع میں عدالتی نظام مفلوج ہو کر رہ گیا۔ سری نگر کی صدر کورٹ اور ہائی کورٹ کمپلیکس میں سیلابی پانی کھڑا ہے۔ اے پی پی کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اعتراف کیا کہ شدید سیلاب نے سرکاری مشینری ناکام بنا دی ہے۔ اے پی پی کے مطابق جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے متاثرین سیلاب کے لیے سری نگر کے علاقے بڈشاہ کدل میں ریلیف کیمپ قائم کر دیا۔ مائسمہ کے علاقے میں محمد یاسین کا گھر بھی زیر آب آ چکا ہے۔ یاسین ملک نے کہا کہ بھارتی حکومت اور میڈیا اس وقت دنیا کو یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ کشمیریوں کی نجات دہندہ ہے لہٰذا اس پروپیگنڈے کا توڑ کرنے کی بھی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 409463
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش