0
Monday 28 Jul 2014 18:07

عید کی خوشیوں میں محروم طبقات کو شامل کرنا ہمارا دینی فریضہ ہے، علامہ راغب نعیمی

عید کی خوشیوں میں محروم طبقات کو شامل کرنا ہمارا دینی فریضہ ہے، علامہ راغب نعیمی
اسلام ٹائمز۔ جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ اور نعیمین ایسوسی ایشن پاکستان کے سرپرست اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ معاشرے کے محروم طبقات کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنا ہمارا قومی اور دینی فریضہ ہے۔ موجودہ حالات کا تقاضہ ہے کہ عید سادگی اور احترام سے منائی جائے۔ ملک میں دو عیدیں منانے کی روش ملک و قوم کو تقسیم کرنے کا باعث بنی ہے۔ حکومت اپنی رٹ قائم کرتے ہوئے انتشار پھیلانے والے عناصر کیخلاف فی الفور قانونی کارروائی کرے۔ عید کے مبارک موقع پر ہمیں عہد کرنا ہو گا کہ ہم آپس کی نفرتوں کو ختم کر کے پیارومحبت اور بھائی چارے کی فضاء کو پروان چڑھائیں گے۔ عیدالفطر کے مبارک موقع پر ہمیں ملک سے دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے پاک فوج کا بھرپور ساتھ دینے کا عہد کرنا ہو گا۔ یہ بات انہوں نے عیدالفطر کے مبارک موقع پر امت مسلمہ کے نام اپنے پیغا م میں کہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ امت مسلمہ تاریخ کے مشکل اور گھٹن دور سے گزر رہی ہے۔ امت اپنی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے اپنا تعلق قرآن وسنت سے مضبوط کرے۔ اقتدار اور اختیارات مسلم حکمرانوں کے پاس اللہ کی طرف سے تفویض کردہ امانت ہیں۔ مسلم حکمران قوم کی فلاح وبہود کیلئے اپنی توائناں صرف کریں۔ حکمران شاہانہ طرز زندگی ترک کر کے سیرت النبی ؐ سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے سادگی اور اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عید کے مسرت موقع پر ہمیں معاشرے کے مستحق اور دکھی اور کو بھی یاد رکھنا چاہئے کیونکہ عید کا دن صرف خوشی ہی کا دن نہیں بلکہ یوم ایثار بھی ہے۔ اسلام کے پیغام خودی سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے امت مسلمہ کو اپنی دنیا خود پیدا کرنا ہو گی۔ قوم دہشتگردی، انتہا پسندی اور قیام امن کیلئے حکومت اور پاک فوج کا ساتھ دے۔ شمالی وزیرستان میں ملکی سلامتی اور بقاء کی جنگ لڑ جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عیدکے ان حسین موقع پر پاک فو ج کو نوجوانوں اور آئی ڈی پیز کا بھی خیال رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم قائد کے ایمان، اتحاد اور تنظیم کے زریں اصولوں کو اپناتے ہوئے اسلام اور ملک دشمن کو شکست سے دوچار کر سکتے ہیں۔ عید کی خوشیوں کا حقیقی مزہ اداس چہروں پر خوشیاں بکھیرنے میں ہے۔ اسلام ہمیں نسل تفاخر میں بٹنے کے بجائے مساوات اور محبت کا درس دیتا ہے۔ قوم ہر قسم کے اختلافات بھلا کر محبت اور بھائی چارے کا مظاہرہ کرے۔ آج ہمیں اخوت و محبت، برداشت، صبروتحمل اور رواداری کو فروغ دینے کا عزم کرنا ہو گا۔ عید کے پرمسرت لمحات میں ہمیں بے سہارا، مصائب سے دوچار آئی ڈی پیز اور فلسطینی بہن بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہئے۔ امت مسلمہ کو مصائب سے نجات اور عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے متحد ہو کر عملی جدوجہد کا آغاز کرنا ہو گا اور ہمیں عید کے مسرت موقع پر کشمیر، فلسطین اور عراق کے مظلوم مسلمانوں کو نہیں بھولنا چاہئے۔
خبر کا کوڈ : 402010
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش