0
Friday 10 Jul 2015 20:00

شب قدر، دوسروں کو بخشنے اور اپنے آپکو بخشوانے کی رات

شب قدر، دوسروں کو بخشنے اور اپنے آپکو بخشوانے کی رات
تحریر: ملک محمد اشرف
malikashraf110@yahoo.com

شب قدر وہ رات ہے جو صاحبان ایمان کے لئے مغفرت و رحمت اور بخشش کا پیغام لے کر آتی ہے۔ وہ رات کہ جس میں جو کچھ الله سے مانگا جائے وه عطا کرتا ہے۔ اس رات میں اللہ تعالٰی رزق مانگنے والوں کو رزق، عافیت چاہنے والوں کو عافیت، صحت کی تمنا کرنے والوں کو تندرستی، خیر و بھلائی کے طلب گاروں کو خیر و بھلائی، اولاد کے خواہش مندوں کو اولاد کی نعمت اور مغفرت کے متلاشیوں کو بخشش عطا کرتا ہے۔

شب قدر مغفرت و  بخشش  کی رات

اس رات انسان کو اپنی گزری ہوئی زندگی سامنے رکھ کر الله کی بارگاه میں گڑگڑا کر توبہ کی دعا کرنی چاہیئے، اپنے گناہوں کی الله سے توبہ کرنی چاہیئے۔ اپنے والدین، اساتید اور دشتہ داروں کے ساتھ ساتھ ملک و قوم و ملت کے لئے دعا کرنی چاہیئے۔ ہمیں خود ایک دوسرے کو معاف کرنا  سیکھا چاہیئے۔ اگر ہم ایک دوسرے کو معاف کریں گے تو خدا بھی ہمیں معاف کر دے گا۔

دوسروں کو معاف کرنا

جب لوگ مل جل کر ایک معاشره میں رہتے ہیں تو اس کا لازمی عنصر یہ بھی ہے کہ ہمیں ایک دوسرے کو برداشت کرنا اور معاف کرنا سیکھنا چاہیئے۔ یہ بات اس لئے ہے کہ جب الله نے افراد کی شکلیں، رنگ اور نقش و نگار اس طرح مختلف بنائے ہیں کہ کسی کا فنگر پرنٹ یا آئی پرنٹ دوسرے شخص سے نہیں ملتا، تو اس بات کے پیش نظر ہمیں اس نکتہ پر بھی توجہ کرنی چاہیئے کہ ہر انسان کی استعداد، صلاحیت اور فکر و سوچ بھی جدا ہے۔ اس کے علاوه یہ بات بھی ہے کہ الله نے ہر انسان کو آزاد اور خود مختار بنایا  ہے، پس ہر شخص  کو آزادانہ  طور پر سوچنے کا حق ہے۔ ایک معاشره میں رہتے ہوئے لوگون  کی فکر اور سوچ مختلف ہوسکتی ہے۔ اگر کسی کی فکر درست نہیں ہے تو  پہلے مرحلہ میں اس شخص کو برداشت کرنا سیکھنا چاہیئے، اس کو معاف کرنا سیکھنا چاہیئے، بعد میں اصلاح کے لئے اس سے ارتباط رکھنا چاہیئے، اس کی شخصیت کے پیش نظر دل سے اس کے احترام کا قائل ہونا چاہیئے، اس کے بعد اس کی اصلاح کا سوچنا چاہیئے۔ الله نے حضرت موسٰی اور حضرت ہارون کو جب فرعون کے پاس بھیجا تو فرمایا: نرمی سے گفتگو کرنا۔

پیغمبر اکرم (ص) کو دوسروں کی غلطیوں کو معاف کردینے کا حکم
پیغمر اکرم (ص) کو خدا فرماتا ہے کہ اگر آپ سخت دل ہوتے تو لوگ آپ سے جدا ہو جاتے۔ پس آپ ان کی غلطیوں کو معاف کر دیں، ان کے لئے مغفرت کی دعا کریں اور ان سے مشوره کریں۔ جب پیغمبر اکرم (ص) کو حکم ہے کہ آپ لوگوں کو معاف کر دیں تو پھر ہر بڑے شخص کو چاہیئے کہ وه دوسروں کو معاف کر دے۔ سیاستدان سیاستدان کو معاف کر دے، ایک پارٹی والا دوسری پارٹی والے کو معاف کر دے، ایک جماعت والا دوسری جماعت کو معاف کر دے۔ پیغمر اکرم (ص) کے ساتھ لوگوں کی وه وه زیادتیاں کیں کہ انسان سوچ بھی نہیں سکتا، لیکن آنحضرت نے لوگوں کو بخش دیا۔ طائف کے لوگوں نے کس قدر ستایا، لیکن ان کی بھی ہدایت کی دعا کی۔ پیغمر اکرم (ص) کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے ان کے دین اور مشن و مقصد کو آنے والی نسلوں تک پہنچانے کے لئے ضروری ہے کہ ہر عالم دین، ہر مدرس، ہر استاد، ہر قائد و لیڈر آج کی رات دوسروں کے گناہوں کو معاف کر دے، نام لیکر کہے کہ خدایا.... اس کو بخش دے۔ یہ شخص دوسروں کے بارے میں دل میں نرمی لیکر آئے، ان کی شخصیت کا قائل ہو، حتٰی ان سے مشورے بھی کرے۔

ایک اہم خواہش، التماس اور خدا سے دعا
میری بہت بڑی خواہش ہے، میری کیا بہت سے لوگوں کی خواہش ہے، لوگوں کی کیا خدا کا حکم ہے کہ افراد کے درمیان اتحاد و اتفاق ہو۔ اسلام اور خصوصاً شیعہ مکتب کے تمام سرکرده افراد آپس میں متحد ہوجائیں اور ملکر ملت تشیع اور اسلام کے خلاف ہونے والی سازشوں کا مقابلہ کریں۔ میری التماس ہے شیعہ تنظیموں کے تمام سرکرده حضرات سے کہ وه آج رات دوسری تنظیموں کے افراد کا نام لیکر ان کو معاف کر دیں۔ دوسروں کے بارے میں دل میں نرمی پیدا کریں۔ اسلامی تحریک کے افراد اور خصوصاً اعلٰی سطح کی شخصیات کو، مجلس وحدت مسلمین کے تمام افراد کی لغزشوں کو معاف کر دینا چاہیئے اور اس طرح مجلس وحدت مسلمین کی اعلٰی سطح کے افراد کو، آج کی رات اسلامی تحریک کے سب لوگوں کو معاف کر دینا چاہیئے۔ ساتھ یہ بھی دعا مانگنی چاہیئے که خدایا ہم تیرے کمزور بندے ہوتے ہوئے اپنے بھائیوں کو معاف کر رہے ہیں، تو بھی ہم سب کو معاف کردے، ہمارے دلوں کے اندر نرمی پیدا فرما، تاکہ ہم سب ملکر اپنی طاقت کو اسلام دشمن قوتوں کے خلاف استعمال کرسکیں۔ خدایا ہم سب کو شب قدر کی عظمت کے صدقہ میں اپنی تمام قوتوں کو یکجا کرکے ان کو صحیح سمت پر خرچ کرنے کی توفیق عطا فرما۔ (آمین)    
خبر کا کوڈ : 472936
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش