0
Friday 27 Mar 2020 11:18

عالمی بدمعاش کی بین الاقوامی غنڈہ گردی

عالمی بدمعاش کی بین الاقوامی غنڈہ گردی
اداریہ
اقوام متحدہ میں ایران، روس، چین، کیوبا، وینیزویلا، نکاراگوئے، عراق اور شمالی کوریا کے نمائندوں نے ادارے کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترس کے نام خط میں ایران کے خلاف یکطرفہ پابندیوں کے خاتمے پر زور دیا ہے۔ ادھر امریکی محکمہ خزانہ نے جمعرات کے روز ایران کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے مزید پندرہ افراد اور پانچ اداروں کو بلیک لسٹ کر دیا ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ نے تہران کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ کا سلسلہ جاری رکھنے سے متعلق امریکی وزیر خارجہ کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مائیک پومپیو کو وزیر نفرت قرار دیا۔ محمد جواد ظریف کا کہنا تھا کہ پومپیو جتنا کوشش کرلیں، وہ اقتصادی دہشت گردی، بے گناہوں کے قتل عام، کرونا کے خلاف عالمی مہم میں خلل ڈالنے اور اپنی شرمناک جنگ پسندانہ سوچ کو چھپا نہیں سکتے۔

امریکی حکام ایران میں کورونا کے آغاز کے بعد سے متعدد بار اس مہم میں ایران کی مدد کا دعویٰ کرچکے ہیں، لیکن امریکی وزیر خارجہ ایران کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ جاری رکھنے پر مسلسل زور دے رہے ہیں۔ امریکہ کی اقتصادی دہشت گردی اور میڈیکل ٹیررازم اقوام متحدہ کے منشور اور دیگر عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے زمانے میں واشنگٹن کی جبری اور خود سرانہ پابندیوں نے ملت ایران کے لیے میڈیکل آلات، کورونا ٹیسٹ کٹس اور دواؤں کا حصول بھی انتہائی مشکل بنا دیا ہے۔ امریکہ کی خود سرانہ پابندیوں کی وجہ سے بعض ممالک ایران کے ساتھ تعاون اور بروقت امداد پہنچانے سے بھی قاصر ہیں، البتہ دلچسپ امر یہ ہے کہ خود امریکہ نے بیرونی امداد کی اپیل کی ہے۔

جواد ظریف نے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے کورونا کے مقابلے کے لئے جنوبی کوریا سے مدد کی درخواست کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا دنیا کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہا ہے اور آج کوئی بھی ملک اس وبا سے محفوظ نہیں ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دنیا کی بڑی بڑی معیشتیں بھی کورونا کی وسعت کو دیکھتے ہوئے دوسروں کی مدد کی محتاج ہیں، لیکن اس کے باوجود امریکہ ایران کے خلاف اقتصادی دہشت گردی کا سلسلہ روکنے پر تیار نہیں۔ وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایک عالمی بدمعاش کی عائد کردہ پابندیوں کو خاطر میں نہ لانا اخلاقی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 853000
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش