0
Saturday 7 Nov 2020 16:15

جوبائیڈن اور ڈونلڈ ٹرمپ امریکی سیاست میں کس طرح وارد ہوئے؟

جوبائیڈن اور ڈونلڈ ٹرمپ امریکی سیاست میں کس طرح وارد ہوئے؟
رپورٹ: ایم رضا

دنیا میں آج کل امریکی انتخابی دنگل کی دھوم ہے، اقوام عالم امریکہ کے انتخابی نتائج کے بارے میں جاننے کے لیے بے چین ہیں۔ اس کی بنیادی وجہ امریکہ کے دنیا بھر میں پھیلائے ہوئے پنجے ہیں۔ مسلمان، غیر مسلم سب جاننا چاہتے ہیں کہ امریکہ میں کس پارٹی کا صدر برسر اقتدار آتا ہے اور امریکہ کی اگلی حکومت کی پالیسی کیا ہوگی۔ ایک طرف ریپبلکن کے نمائندے ڈونلڈ ٹرمپ ہیں، جو گذشتہ چار سال میں اپنے سارے ہنر دکھا چکے ہیں اور دوسری طرف ڈیموکریٹس کے کہنہ کار امیدوار جوبائیڈن ہیں، جو باراک اوبامہ کے دور میں ان کے نائب رہ چکے ہیں اور افغان امور سے گہری شناسائی رکھتے ہیں لیکن یہ دونوں حضرات کس طرح امریکی سیاست میں وارد ہوئے اس کی مختصر تفصیل پیش خدمت ہے۔

جوبائیڈن کا سیاسی سفر کہاں سے شروع ہوا؟
سابق امریکی صدر باراک اوباما کے دور میں نائب صدر رہنے والے جو بائیڈن اس سال ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار ہیں۔ بائیڈن 20 نومبر 1942ء کو ریاست پنسلوینیا میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے تاریخ اور سیاسیات کے بعد قانون کی تعلیم حاصل کی۔ قانون کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد انیس سو اڑسٹھ میں جو بائیڈن نے وکالت کا آغاز کیا۔ اسی دوران وہ ڈیموکریٹک پارٹی کے متحرک رکن بن گئے اور 1977ء میں نیو کاسل کاؤنٹی کونسل کے رکن منتخب ہوئے۔ جوبائیڈن نے دو شادیاں کیں۔ ان کی پہلی اہلیہ 1973ء میں ایک کار حادثے کا شکار ہوگئیں۔ انہوں نے دوسری شادی 1977ء میں کی۔ جوبائیڈن 1973ء میں امریکی سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے اور وہ اس وقت ملکی تاریخ کے پانچویں کم عمر ترین سینیٹر تھے۔

جوبائیڈن کو طویل عرصے تک امریکی سینیٹر رہنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ وہ 1973ء سے 2009ء تک سینیٹر رہے۔ سنہ 2009ء میں جوبائیڈن امریکہ کے 74ویں نائب صدر بنے اور 2017ء تک صدر اوباما کے نائب صدر رہے۔ بائیڈن کو خواتین کی جانب سے ہراسانی کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا۔ نائب صدارت کے دوران ان پر یرکرینی کمپنی میں اپنے بیٹے کو ڈائریکٹر بنوانے کاالزام لگا۔ موجودہ امریکی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کے حریف جوبائیڈن خارجہ امور میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور ووٹرز کو راغب کرنے کا ہنر بھی خوب جانتے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ سیاست میں کیسے آئے؟
ڈونلڈ ٹرمپ 14 جون 1946ء میں نیویارک کے علاقے کوئنز میں پیدا ہوئے۔ 13 سال کی عمر میں ملٹری اکیڈمی میں داخلہ لیا، جہاں سیاسیات بھی پڑھی۔ ٹرمپ نے پینسلوینیا کی یونیورسٹی میں معاشیات میں گریجوایشن بھی کی۔ موجودہ امریکی صدر کی دو شادیاں ناکام رہیں اور تیسری شادی میلانیا کے ساتھ 2005ء میں ہوئی۔ بزنس ٹائیکون فریڈ ٹرمپ کے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ نے والد کے قرض سے ذاتی کاروبار شروع کیا۔ 1971ء میں خاندانی کمپنی کا کنٹرول حاصل کیا۔ ٹرمپ نے اپنے ہوٹلوں، کسینو اور تعمیراتی منصوبوں کے ذریعے ملک گیر شہرت حاصل کی۔ ٹرمپ شوبز انڈسٹری اور ذرائع ابلاغ سے بھی جڑے رہے اور ٹی وی شوز کی میزبانی بھی کی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے1987ء میں پہلی بار صدارتی انتخاب لڑنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ 2000ء میں ریفارم پارٹی کا صدارتی امیدوار بننے کی کوشش کی۔ دو ہزار آٹھ میں ٹرمپ ایک بار پھر اس وقت توجہ کا مرکز بنے جب انہوں نے صدارتی امیدوار باراک اوباما کی جائے پیدائش امریکہ کے بجائے کینیا کو قرار دیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے جون 2015ء میں ریپبلکن پارٹی کی طرف سے صدارتی انتخابات کے لئے نامزدگی حاصل کی۔ متعدد اسکینڈلز اور متنازع بیانات کے باعث ٹرمپ انتخابی مہم پر پوری طرح چھائے رہے اور 2016ء کے انتخابات میں امریکہ کے 45 ویں صدر منتخب ہوئے۔

امریکی انتخابات کی تازہ ترین صورتحال
امریکی انتخاب کے حتمی نتائج میں فیصلہ کن کردار ادا کرنے والی پانچ میں سے دو ریاستوں جارجیا اور پینسلوینیا میں ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن نے برتری حاصل کرلی ہے، جس کے بعد وہ انتخاب جیتنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ دنیا بھر کی نظریں امریکی صدارتی انتخابات پر لگی ہوئی ہیں جبکہ فیصلہ کن ووٹوں کی گنتی آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہے۔ پنسلوینیا، نواڈا، جارجیا اور ایریزونا میں صدارتی امیدوار جوبائیڈن آگے ہیں جبکہ الاسکا اور نارتھ کیرولینا میں ڈونلڈ ٹرمپ کو برتری حاصل ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے  سی این این کے مطابق امریکی ریاست پینسلوینیا میں بھی جوبائیڈن مخالف امیدوار اور ریپبلکن امیدوار  ڈونلڈ ٹرمپ سے آگے نکل گئے ہیں۔ جوبائیڈن کو پنسلوینیا میں 9 ہزار 748 ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔ پنسلوینیا میں جوبائیڈن کے ووٹوں کی کل تعداد 33 لاکھ 2 ہزار 987 ہوگئی۔ پنسلوینیا میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ووٹوں کی تعداد 32 لاکھ 93 ہزار 239 ہے۔
خبر کا کوڈ : 896468
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش