0
Sunday 31 Jul 2022 14:59

مودت و محبتِ اہلبیتؑ ایمان کا حصہ ہے، علامہ امداد اللہ قادری

مودت و محبتِ اہلبیتؑ ایمان کا حصہ ہے، علامہ امداد اللہ قادری
اسلام ٹائمز۔ منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی صدر علامہ امداد اللہ قادری نے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں علماء سے خطاب میں کہا کہ کرہ ارض کی عظیم شہادت، شہادتِ امام حسین ؑ کے حوالے سے ائمہ و محدثین کی یہ ثقہ رائے ہے کہ یہ حکمت الٰہی ہے کہ حضرت امام حسین ؑ کی شہادت کو بلند وارفع مقام تک پہنچایا جائے تاکہ غلط اور فاسق اقتدار کیخلاف اعلان حق کی ایک زندہ نظیر باقی رہ جائے جو ہر دور میں اہل حق کیلئے فساد اور باطل اقتدار کیخلاف مزاحمت کیلئے فکری رہنمائی کا ذریعہ بن سکے۔ حضرت امام حسین ؑ اور ان کے ساتھیوں کی یزید کے باطل اور فاشسٹ اقتدار کیخلاف مزاحمت حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ یزید کے باطل اقتدار اور اُس کے قاتلِ امام حسین ؑ ہونے کے حوالے سے اگر مگر کی باتوں نے خارجی فکر کی کوکھ سے جنم لیا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ اہل بیت اطہار کے بدخواہ حضرت امام حسین ؑ کے قتل عمد کو سہواً، اندھا یا بے نامی قتل اور قاتلوں کو نامعلوم بنانے کے بارے میں ابہام پیدا کرنے کی ذہنیت پروان چڑھانے کی ناکام کوشش کرتے رہتے ہیں مگر آئمہ و محدثین اہلسنت و جماعت نے اس فتنہ کی بیخ کنی کر دی ہے۔ فتنہ پرور یزید کے بارے میں سادہ لوح ذہنوں کو پراگندہ نہیں کر سکتے۔ مودت ومحبتِ اہل بیتِ اطہار اہل سنت وجماعت کے ایمان کا حصہ ہے۔ علامہ امداد اللہ قادری نے کہا کہ محرم الحرام کا پیغام ظلم کیخلاف ڈٹ جانا ہے۔ محرم الحرام میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام وحدت، یگانت، یکجہتی اور بھائی چارے کا پیغام دیں۔ علماء کرام نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ کے امن، اخوت اور بھائی چارے کے حقیقی پیغام کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام عالی مقام ؑ نے اپنے عمل سے انسانیت کو برداشت، ضبط اور رواداری کا درس دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1006935
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش