0
Monday 26 Sep 2011 20:36

امریکہ کے دھمکی آمیز الزامات اور سکیورٹی کی صورتحال پر غور کیلئے وزیراعظم نے 29 ستمبر کو آل پارٹیز کانفرنس طلب کر لی

صدر زرداری کی جانب سے کل جماعتی کانفرنس بلانے کے فیصلے کا خیر مقدم
امریکہ کے دھمکی آمیز الزامات اور سکیورٹی کی صورتحال پر غور کیلئے وزیراعظم نے 29 ستمبر کو آل پارٹیز کانفرنس طلب کر لی
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے 29 ستمبر کو آل پارٹیز کانفرنس طلب کر لی ہے۔ کانفرنس میں ملک کی تمام سیاسی قیادت کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے جبکہ کانفرنس میں ملک کے اعلٰی اداروں کے حکام بھی شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق کانفرنس میں پاک امریکا موجودہ صورتحال پر غور کیا جائے گا اور پاک امریکہ صورتحال کے پیش نظر قومی ہم آہنگی پیدا کی جائے گی۔ کانفرنس میں آئندہ کی حکمت عملی پر بھی مشاورت ہو گی اور ملک کی سکیورٹی کی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا۔
دیگر ذرائع کے مطابق پاکستان پر امریکی الزامات اور ملکی سیکورٹی کو درپیش خطرات کے پیش نظر قومی سیاسی قیادت کو اعتماد میں لینے کے لیے وزیراعظم نے انتیس ستمبر دن دو بجے وزیراعظم ہاوس میں کل جماعتی اجلاس طلب کر لیا۔ وزیراعظم ہاوس کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پارلیمنٹ کے اندر اور باہر موجود سیاسی قیادت سے رابطوں میں مصروف ہیں۔ ذرائع کے مطابق قومی سیاسی قیادت کا اہم اجلاس انتیس ستمبر دن دو بجے وزیراعظم ہاوس میں ہو گا۔ اجلاس میں ملک کی سلامتی اور امریکہ کے دھمکی آمیز الزامات کا جائزہ لیا جائے گا اور قومی پالیسی تشکیل دی جائے گی۔
صدر زرداری کی جانب سے کل جماعتی کانفرنس بلانے کے فیصلے کا خیر مقدم
صدر آصف علی زرداری نے حالیہ پاک امریکا تناؤ کے تناظر میں سیکیورٹی کی صورتحال پر اتفاق رائے کیلئے وزیراعظم کی طرف سے کل جماعتی کانفرنس بلانے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ صدارتی ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق صدر زرداری نے وزیراعظم کے اقدام کو ملک کے وسیع تر مفاد میں درست اور بروقت قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ ضروری ہے کہ موجودہ صورتحال میں قومی اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔ صدر زرداری نے کہا کہ قومی اتحاد اور ہم آہنگی کے ذریعے پاکستان کے بہادر عوام نے ماضی میں بھی تمام چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے، صدر نے کہا کہ پاکستانی عوام امید، ہمت اور اتحاد کے ذریعے موجودہ اور مستقبل کے چیلنجز سے بھی نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 101691
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش