0
Monday 26 Sep 2011 21:23

سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر سے امریکی سفیر کی ملاقات، تناو دور نہ ہو سکا

سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر سے امریکی سفیر کی ملاقات، تناو دور نہ ہو سکا
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ سیکریٹری خارجہ سلمان بشیر کے ساتھ امریکی سفیر کیمرون منٹر نے دفتر خارجہ میں ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کی ترجمان تہمینہ جنجوعہ کا کہنا ہے کہ ملاقات میں باہمی روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ امریکی سفیر کیمرون منٹر نے پیر کے روز دفتر خارجہ میں سیکریٹری خارجہ سلمان بشیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک امریکا تعلقات پر تفصیلاً تبادلہ خیال کیا گیا۔ دفتر خارجہ کی ترجمان تہمینہ جنجوعہ نے ملاقات کے بعد بتایا کہ اس ملاقات میں دونوں طرف سے مسلسل روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ کیمرون منٹر کا مزید کہنا تھا کہ وہ نیو یارک میں وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور سیکریٹری آف سٹیٹ ہیلری کلنٹن کے درمیان ہونے والی ملاقات کے فالو اپ کے لیے ملنے آئے ہیں۔ دفتر خارجہ کی ترجمان نے مزید بتایا کہ ملاقات میں سیکریٹری خارجہ سلمان بشیر اور امریکی سفیر کیمرون منٹر نے آگے بڑھنے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
دیگر ذرائع کے مطابق پاکستان اور امریکہ میں جہاں ایک طرف کشیدگی بڑھ رہی ہے وہیں بات چیت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ امریکی سفیر کیمرون منٹر نے دفتر خارجہ میں سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر سے ملاقات کی ہے۔ امریکی سفیر کیمرون منٹر کی سیکرٹری خارجہ سلیمان بشیر سے ملاقات میں ایڈمرل مائیک مولن کے بیانات اور حالیہ امریکی الزام تراشیوں پر بات چیت کی گئی۔ دفتر خارجہ کی جانب سے امریکہ کو پیغام دیا گیا کہ الزام تراشیوں کا سلسلہ بند کیا جائے اور دو طرفہ امور پر میڈیا میں آ کر بیان بازی کی بجائے سفارتی ذرائع استعمال کیے جائیں۔ سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ حقانی نیٹ ورک کے حوالے سے انٹیلی جینس شیئرنگ کی جائے۔ امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے موقف سے اپنی حکومت کو آگاہ کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 101702
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش