0
Wednesday 5 Oct 2011 02:44

تمام ممالک کے ساتھ برابری و باہمی احترام کی بنیاد پر پرامن اور دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں، زرداری

تمام ممالک کے ساتھ برابری و باہمی احترام کی بنیاد پر پرامن اور دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں، زرداری
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے واظح کیا ہے کہ پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بھاری قیمت چکا رہا ہے اور اس جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم رکھتا ہے، ہماری قربانیاں کسی دوسرے ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہیں، عالمی برادری پاکستان کی ان قربانیوں کا ا عتراف کرے اور اس کی مدد کرے جس کا وہ حقدار بھی ہے۔ صدر نے ان خیالات کا اظہار برطانیہ کے شیڈو وزیر خارجہ ڈوگلس الیگزینڈر سے ملاقات میں کیا جنہوں نے منگل کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ ڈوگلس الیگزینڈر کے ہمراہ پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر ایڈم تھامسن، سینئر مشیر ٹوم پرائز اور جیسپر تھورنٹون بھی تھے جبکہ پاکستان کی طرف سے وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، صدر کے سیکرٹری جنرل سلمان فاروقی، سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر اور صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر شریک تھے۔
صدارتی ترجمان نے میڈیا کو بریفنگ میں بتایا کہ ملاقات میں پاک برطانیہ سٹرٹیجک تعلقات کو فروغ دینے، دہشتگردی کیخلاف جنگ، حالیہ سیلاب، برطانوی امداد اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر صدر نے پاک برطانیہ سٹرٹیجک مذاکرات میں فروغ، دو طرفہ تعلقات میں اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد سکیورٹی، تجارت، صحت اور تعلیم کے دیگر شعبوں میں باہمی روابط کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معمول کی بنیادوں پر آپس میں رابطوں کو فروغ دینے سے تعلقات میں موجودہ پیش رفت کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی اور دونوں ملکوں کو اہم معاملات پر اپنا اپنا نقطہ نظر بھی پیش کرنے کا موقع ملے گا۔ صدرنے اقتصادی تعاون کو بھی مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے جب حالیہ سیلابوں کے باعث ملکی معیشت شدید دباؤ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری میعشت پہلے ہی دہشتگردی کیخلاف جنگ کے اثرات برداشت کررہی ہے اور گزشتہ سال کی قدرتی آفت اور اب ایک مرتبہ پھر حالیہ بارشوں اور سیلابوں سے متاثر ہو کر رہ گئی ہے جس کی وجہ سے آٹھ ملین سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں، صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان یورپی مارکیٹوں تک اپنی مصنوعات کی رسائی کو فروغ دینے اور تجارت میں عالمی مدد جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے ایف او ڈی پی پلیٹ فارم پر برطانیہ کی جانب سے فرامہ کردہ مدد کو سراہا۔ صدر نے اس موقف کو دوہرایا کہ غربت، مواقعوں کی کمی اور اور احساس محرومی دہشتگردی کی ذہنیت کا باعث بننے والی بنیادی وجوہات ہیں ان مسائل کے مستقل حل کیلئے عالمی برادری کو ان تمام ممالک کی مدد کرنی چاہیے جو دہشتگردی کی ذہنیت رکھنے والوں کے خاتمے کیلئے کوششیں کررہے ہیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف سب سے زیادہ نقصان اٹھایا ہے اور قوم توقع رکھتی ہے کہ ہماری لاتعداد جانی و مالی قربانیوں کا اعتراف کیا جائے گا، ہمارا عالمی برادری سے مطالبہ ہے کہ ہمیں تجارتی سہولیات فراہم کی جائیں اور نوجوانوں کیلئے اقتصادی مواقع پیدا کرنے میں مدد کی جائے تاکہ انہیں دہشتگردوں سے دور رکھا جاسکے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر پرامن و دوستانہ تعلقات چاہتا ہے اور ہم خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گئے۔
اس موقع پر برطانوی شیڈو وزیر خارجہ نے حالیہ سیلابوں سے تباہی پر ہمدردی کا اظہار کیا، انہوں نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستانی عوام کی قربانیوں کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ عالمی برادری حکومت پاکستان کی اس کے اداروں کی صلاحیت کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ تجارتی مواقع پیدا کرنے اور پاکستانی مصنوعات کو مارکیٹوں تک رسائی دینے کے سلسلے میں مدد فراہم کرے گی.
خبر کا کوڈ : 103813
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش