0
Friday 3 Feb 2023 23:53

بلدیاتی نتائج میں دھاندلی اور نئی مردم شماری میں جعلسازی قبول نہیں، حافظ نعیم الرحمٰن

بلدیاتی نتائج میں دھاندلی اور نئی مردم شماری میں جعلسازی قبول نہیں، حافظ نعیم الرحمٰن
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ اہل کراچی نے جماعت اسلامی کو جو عوامی مینڈیٹ دیا ہے، اس پر شب خون اور نتائج میں تبدیلی و دھاندلی کسی صورت قبول نہیں کریں گے، ہم نمبر ون پارٹی ہیں، ہمارے ووٹ بھی سب سے زیادہ ہیں اور نشستیں بھی، مسئلہ صرف چند یوسیز کا نہیں بلکہ کراچی کے مینڈیٹ اور اہل کراچی کے مستقبل کا مسئلہ ہے، الیکشن کمیشن اگر دباؤ میں آیا تو اس سے بھی ہماری آئینی اور قانونی جنگ ہوگی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے جماعت اسلامی کی چھینی گئی 9 نشستوں کی الیکشن کمیشن آف پاکستان اسلام آباد میں ہونے والی دوسری سماعت کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ سندھ حکومت، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی تمام تر سازشوں اور کوششوں کے باوجود بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر الیکشن کمیشن کا خیر مقدم کرتے ہیں، لیکن موجودہ صورتحال میں الیکشن کمیشن کی کارکردگی سوالیہ نشان بن رہی ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کراچی منی پاکستان ہے اور یہاں کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج بہت اہمیت کے حامل ہیں، اس لیے اُمید ہے کہ 7 فروری کی سماعت میں چیف الیکشن کمشنر بھی موجود ہوں گے اور آئین و قانون کی بنیاد پر حق اور انصاف پر مبنی فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات جن کا اس وقت ملک اور قوم کو کوئی فائدہ نہیں، ان کے شیڈول کا اعلان تو کر دیا گیا، مگر کراچی میں مختلف امیدواروں کے انتقال کے باعث ملتوی شدہ 11 نشستوں پر انتخابی شیڈول کا اعلان نہیں کیا جا رہا ہے اور پورا انتخابی عمل تاخیر کا شکار ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی مردم شماری میں بھی اگر ماضی کی طرح جعل سازی کی گئی تو ہم اس کو بے نقاب کریں گے، اہل کراچی ہمارے ساتھ ہیں ان کے ساتھ مل کر کراچی کی آبادی، کراچی کی نمائندگی و سائل اور مینڈیٹ کا دفاع کرینگے۔
خبر کا کوڈ : 1039404
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش