0
Thursday 13 Oct 2011 00:30

بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا، حنا ربانی کھر

بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا، حنا ربانی کھر
 اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے، قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے جواب میں ان سے پوچھے گئے سوال میں انہوں نے کہا کہ بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے جبکہ مذاکراتی عمل میں کشمیریوں کو بھی شامل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے ساتھ تنازعات میں مثبت اشارے مل رہے ہیں۔ بھارت سے کسی ایک معاملے پر نہیں بلکہ تمام معاملات پر مستقل بنیادوں پر پیشرفت چاہتے ہیں اور دوطرفہ تعلقات کی مکمل بحالی چاہتے ہیں۔
دیگر ذرائع کے مطابق پاکستان نے بھارت کو تجارت کے حوالے سے پسندیدہ ترین ملک کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔ جس کا اعلان اس سال کے اختتام تک متوقع ہے۔ قومی اسمبلی میں وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے اس کی تصدیق کی اور کہا کہ بھارت کو تجارت کے حوالے سے انتہائی پسندیدہ ملک قرار دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا۔ بھارت کے ساتھ مذاکرات کا عمل بلا رکاوٹ جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر ہو رہے ہیں، مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل کا حل چاہتے ہیں، تاہم انھوں نے واضح کیا کہ کشمیریوں کی شمولیت کے بغیر مسئلہ کشمیر کا حل ممکن نہیں۔
حنا ربانی کھر نے بتایا کہ بھارت کے ساتھ پس پردہ مذاکرات کے تمام مراحل جامع مذاکراتی عمل پر آ کر ختم ہو جاتے ہیں اور بھارت کی جانب سے مذاکرات کے ذریعے مختلف مسائل حل کرنے کے مثبت اشارے ملے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ دونوں ممالک نے کشمیر، سیاچن اور سرکریک جیسے مسائل حل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 105821
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش