0
Friday 2 Jun 2023 18:12

مسلمانوں کیساتھ ظلم و ستم کے نظام کو تبدیل کرینگے، راہل گاندھی

مسلمانوں کیساتھ ظلم و ستم کے نظام کو تبدیل کرینگے، راہل گاندھی
اسلام ٹائمز۔ انڈین نیشنل کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی امریکہ کے دورے پر ہیں اور انہوں نے واشنگٹن میں نیشنل پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کی۔ اس دوران انہوں نے بھارت میں پریس اور مذہبی آزادیوں، اقلیتوں کو درپیش مسائل اور معیشت کی حالت سمیت متعدد سوالات کے جواب دیئے۔ جب راہول گاندھی سے پوچھا گیا کہ کانگریس اگر اقتدار میں آتی ہے تو بھارت میں اقلیتوں کے حقوق کو یقینی بنانے کے لئے کیا کرے گی۔ تو انہوں نے کہا کہ بھارت میں پہلے سے ہی ایک بہت مضبوط نظام موجود ہے لیکن وہ نظام کمزور ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے پاس اداروں کا ایک آزاد مجموعہ ہونا چاہیئے جو دباؤ اور کنٹرول میں نہ ہوں اور یہ بھارت میں معمول رہا ہے، یہ ایک خرابی ہے جو بھارت میں ہو رہی ہے، بھارت میں جمہوریت کی جڑیں کافی مضبوط ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے سب سے پہلے ان اداروں کا خاکہ تیار کیا تھا اور ہم انہیں اپنے اداروں کے طور پر نہیں بلکہ ریاست کے اداروں کے طور پر دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم یقین دلاتے ہیں کہ اداروں کی آزادی اور غیر جانبداری کو بحال کیا جائے گا۔ ایک تقریب کے دوران راہل گاندھی نے اقلیتوں پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت میں خواہ براست راست طور پر اقلیتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہوں لیکن ملک کے تمام طبقات یہ محسوس کرتے ہیں کہ ان پر حملہ کیا جا رہا ہے۔ عیسائی ہوں، دلت ہوں، قبائلی ہوں یا غریب لوگ، سبھی پریشان ہیں اور چند لوگ ہی خوش نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ سوچ رہے ہیں کہ صرف 5 لوگ کس طرح لاکھوں کروڑوں کی آمدنی کر رہے ہیں اور ان کے پاس کھانے کو بھی نہیں ہے۔

راہل گاندھی نے مزید کہا ’’ملک کے ہر طبقہ کے ساتھ آج جو ہو رہا ہے اسے نفرت سے تبدیل نہیں کیا جا سکتا، نفرت کو نفرت نہیں کاٹ سکتی بلکہ نفرت کو محبت سے ہی کاٹا جا سکتا ہے، میں حیران ہوں کہ یہ کرنا کتنا آسان ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ایک چھوٹا سا گروپ ہے جس نے نظام پر قبضہ کر لیا ہے اور اسے میڈیا کی بھی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں اس بات کی ضمانت دیتا ہوں کہ ملک کے بیشتر لوگ پیار اور محبت میں یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو آج مسلمانوں کے ساتھ ہو رہا ہے وہ کبھی دلتوں کے ساتھ بھی ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسے چیلنج کریں گے، اس کے خلاف جنگ لڑیں گے اور نفرت کے ساتھ نہیں بلکہ محبت کے ساتھ لڑیں گے۔
خبر کا کوڈ : 1061541
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش